اداکار ٹیپو شریف کو صدمہ، والد انتقال کرگئے

کراچی: پاکستانی ڈراموں کے معروف اداکار ٹیپو شریف کے والد انتقال کرگئے۔
اداکار ٹیپو شریف نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے والد کے انتقال کی افسوس ناک خبر کا اعلان کیا۔
اُنہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں بتایا کہ اُن کے والد، اُن کے دوست اکرام بھٹی خالقِ حقیقی سے جاملے ہیں۔
ٹیپو شریف کے والد کی نمازِ جنازہ آج عصر کی نماز کے بعد کراچی کے علاقے کلفٹن کی ابوبکر صدیقؓ مسجد میں ادا کی گئی۔
اداکار نے اس مشکل وقت میں اپنے دوستوں اور چاہنے والوں سے اُن کے والد کی مغفرت کے لیے دُعاؤں کی درخواست بھی کی۔
مداحوں اور شوبز انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں کی جانب سے ٹیپو کے والد کے انتقال کی خبر پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا جارہا ہے۔
اس سے قبل ٹیپو نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں دُعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اُن کے والد طبیعت ناسازی کی وجہ سے آئی سی یو میں داخل ہیں۔
واضح رہے کہ اداکار ٹیپو شریف نے اپنے کیریئر کے دوران کئی پاکستانی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، اُن کے حالیہ ڈراموں میں منت مراد، سیانی اور کیسی تیری خودغرضی شامل ہیں۔
اداکار کے والد پاکستانی ہیں جب کہ اُن کی والدہ ترک خاتون ہیں اور ان کا پورا نام سید یورگچ ٹیپو شریف ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔