نیپالی ایتھلیٹ نے ہاتھوں کے بل سیڑھیاں اترنے کا ورلڈ ریکارڈ بناڈالا
یون یینگ: نیپال سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹ ہاری چندرا گِیری (جو پہلے ہی متعدد گنیز ورلڈ ریکارڈز اپنے نام کرچکے ہیں) نے ہاتھوں کے بل چلتے ہوئے کم وقت میں 100 سیڑھیاں اتر کر نیا ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
31 سالہ ہری چندرا گیری نے چین کے شہر یون یینگ میں یہ کارنامہ انجام دیا، جہاں انہوں نے صرف 44.71 سیکنڈ میں 100 سیڑھیاں ہاتھوں کے بل اتر کر نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔
ہاری چندرا گیری نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا کہ سیڑھیوں پر ہاتھوں کے بل چلنا ہموار زمین کے مقابلے میں بہت زیادہ مشکل ہوتا ہے کیونکہ زاویہ مختلف ہوتا ہے اور جسم پر دباؤ بھی زیادہ پڑتا ہے۔ چین کی مشہور سیڑھیاں اس تجربے کے لیے بہترین جگہ تھی۔ ان کا مقصد یہ دکھانا تھا کہ ہینڈ اسٹینڈ پر مکمل کنٹرول رکھتے ہوئے رفتار، درستی اور حفاظت تینوں کو برقرار رکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اگر ذرا سا بھی توازن بگڑ جائے تو خطرہ جان لیوا ہو سکتا ہے۔ 100 سیڑھیوں سے سر، گردن یا ریڑھ کی ہڈی کے بل گرنا سنگین چوٹ یا موت کا سبب بن سکتا ہے۔ اسی لیے انہوں نے حفاظتی معاونین تعینات کیے، ہر سیڑھی کا پہلے سے معائنہ کیا اور جیسے ہی ہاتھ پھسلنے یا کندھوں میں تھکن محسوس ہوئی، فوراً رک گیا۔
انہوں نے لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بغیر مناسب تربیت، طبی نگرانی اور حفاظتی انتظامات کے اس قسم کا اسٹنٹ ہرگز آزمانے کی کوشش نہ کریں۔