کروشیا کے ایک شہر میں سوٹ کیس گھسیٹنے پر پابندی عائد

کروشیا: یورپی ملک کروشیا کے ایک پُرفضا شہر کی تنگ گلیوں میں پہیوں والے سوٹ کیس کے شور سے پریشان لوگوں کی شکایت پر سوٹ کیس لے کر گزرنے کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
کروشیا کا خوبصورت شہر، ڈوبروونِک قدرتی نظاروں اور رنگ برنگ حسین عمارتوں کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ یہاں سالانہ لاکھوں سیاح آتے ہیں اور جاتے وقت اپنے سوٹ کیس گھسیٹتے ہوئے نکلتے ہیں۔
یہاں کی تنگ گلیاں، ہموار تارکول کے بجائے اینٹوں پر مشتمل اور ناہموار ہیں۔ جب پہیے ان اونچے نیچے راستے سے گزرتے ہیں تو اس سے شور پیدا ہوتا ہے۔
عوامی شکایات پر شہر کے میئر میٹوفرانکووِچ نے نیا قانون پیش کیا ہے جس کے تحت تنگ گلیوں سے پہیوں والے سوٹ کیس لے کر گزرنا ممنوع ہے۔ اس کی خلاف ورزی کرنے والے پر 288 ڈالر تک کا جرمانہ بھی ہوسکتا ہے جو پاکستانی روپوں میں 90 ہزار روپے کے برابر رقم ہے۔
شہر کے محکمہ سیاحت نے شہرکی عزت کریں کے زیر عنوان نامی مہم چلائی ہے جس پر اس سال نومبر سے اطلاق ہوگا۔ سیاحوں کو شہر سے باہر ایک مقام پر اپنے سوٹ کیس جمع کرانا ہوں گے۔
ایک اندازے کے مطابق گزشتہ برس یہاں 2 لاکھ 90 ہزار سیاح آئے تھے اور ایک رات گزارنے والوں کی تعداد ساڑھے سات لاکھ نفوس سے بھی زائد تھی۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔