پاکستان کو بھارت کیخلاف کھیلنے کی حکومتی اجازت، آئی سی سی نہال
اسلام آباد: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں حکومت پاکستان نے قومی ٹیم کو بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دے دی اور اب پاکستان بھارت کے خلاف 15 فروری کا میچ شیڈول کے مطابق کھیلے گا۔آئی سی سی بڑے مالی نقصان سے بچنے پر خوشی سے نہال نظر آتی ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پی سی بی، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نمائندوں اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے درمیان ہونے والی اعلیٰ سطح کی بات چیت کے نتائج کے بارے میں باضابطہ طور پر بریفنگ دی۔
حکومت پاکستان نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی طرف سے پی سی بی کو دی گئی باضابطہ درخواستوں کے ساتھ سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور دیگر رکن ممالک سے بات چیت کا جائزہ لیا ہے۔ مذکورہ خط و کتابت میں پاکستان کی زیر قیادت حالیہ چیلنجز کا قابل عمل حل تلاش کرنے کی کوشش کی گئی۔
حکومت پاکستان بی سی بی کے صدر امین الاسلام کے بیان کا خیرمقدم کرتی ہے۔ ہم برادر ملک بنگلادیش کی طرف سے اظہار تشکر کا بڑی گرم جوشی کے ساتھ خیرمقدم کرتے ہیں۔ پاکستان اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ بنگلادیش کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
کثیرالجہتی بات چیت و مشاورت کے نتیجے میں حکومت، پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کو 15 فروری 2026 کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنے شیڈول فکسچر کے مطابق میدان میں اترنے کی ہدایت کرتی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کے انعقاد کے فیصلے سے آئی سی سی کے 174 ملین امریکی ڈالرز بچ گئے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اندازے کے مطابق نقصان کا تخمینہ براڈ کاسٹرز گیٹ منی اور دیگر اسپانسر شپ کی مد میں لگایا گیا، پاک بھارت میچ کی بحالی کے فیصلے کے فوری بعد ممبئی اور کولمبو کے ایئر ٹکٹ میں اضافہ دیکھا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی اور کولمبو کے ٹکٹ میں ابتدائی طور پر 10 سے 60 ہزار روپے تک کا اضافہ ہوا ہے اور پاک بھارت میچ کی وجہ سے کولمبو میں ہوٹل انڈسٹری نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے۔
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے میچ کے بائیکاٹ کے بعد ہوٹل کی بکنگ منسوخ کرنے کے لیے رابطے کیے گئے جب کہ کئی کرکٹ شائقین پاک بھارت میچ کے ٹکٹ کی ری فنڈنگ کی پالیسی کے حوالے سے معلومات حاصل کررہے تھے۔
خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔
حکومت پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان بھارت کے ساتھ میچ کھیلے گا، قومی ٹیم کو 15 فروری کو شیڈول کے مطابق میچ کھیلنے کا کہہ دیا گیا ہے۔
دھیان رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔