پنجاب: 500 یونٹس تک بجلی قیمت میں 14 روپے یونٹ کمی کا اعلان

 

لاہور: ن لیگ کے قائد نواز شریف نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب حکومت نے ایک سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے فی یونٹ قیمت 14 روپے کمی کردی اور یہ ریلیف صوبے کے عوام کو دیا جائے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ساتھ پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی اور بجلی کے بلوں کی وجہ سے ایک کرب سے گزر رہے ہیں، 21 اکتوبر کی تقریر میں بھی میں نے بجلی کی قیمت پر تفصیل سے گفتگو کی تھی، 2017 میں بجلی کے بل کم آتے تھے، لوگ آسانی سے زندگی گزارتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے زمانے میں دس دس روپے کلو سبزیاں ملتی تھیں، ہم نے ڈالر کو 4 سال تک 104 روپے کی سطح پر برقرار رکھا تھا، چند ججوں نے بیٹے سے 10 ہزار درہم تنخواہ نہ لینے پر مجھے نکال دیا، میں آج بھی یہی پوچھتا ہوں کہ مجھے کیوں نکالا؟ مجھے نکالنے والوں نے ملک کے ساتھ ظلم اور ایک جُرم کیا تھا۔
نوازشریف کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے ذمے دار ہم نہیں، بانی پی ٹی آئی کے دور سے یہ کام شروع ہوا، ہم نے تو آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، دوبارہ لانے والے کون ہیں؟ ذمے دار وہی ہیں جو آج جیل سے بیٹھ کر بڑھ چڑھ کر باتیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ریکارڈ مدت میں بجلی کے کارخانے مکمل کرکے بحران پر قابو پایا، جن کا بل آج 18 ہزار آرہا ہے ان کا بل 2017 میں 1600 روپے آتا تھا، مریم نواز نے آتے ہی آٹے کی قیمت میں کمی کی ہے، بہت محنت کررہی ہیں، مریم نواز صحت اور صفائی کے لیے بھی خوب محنت کررہی ہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ساڑھے 19 فیصد شرح سود پر کون اس ملک میں سرمایہ کاری کرے گا، ہمیں تو آئی ایم ایف کی شرائط نے بالکل جکڑ دیا ہے، کوئی جواب دے گا کہ مجھے کیوں نکالا گیا؟ کیوں ہمارے خلاف سازش کی گئی؟ ناقابل معافی ہیں وہ لوگ جو 1600 کے بل کو 18 ہزار روپے کا کرکے چلے گئے، مجھ سے عوام کی حالت دیکھی نہیں جارہی۔
ن لیگ کے قائد نواز شریف نے اعلان کیا کہ پنجاب حکومت نے اگست اور ستمبر کے بلوں میں فوری ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے، 500 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کو 14 روپے فی یونٹ تک ریلیف دیا جائے گا، پنجاب حکومت کے مختلف شعبوں سے 45 ارب روپے نکال کر عوام کو ریلیف دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سولر پینل اسکیم کے لیے 700 ارب روپے خرچ ہوں گے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ 200 یونٹ بجلی پروزیراعظم کا دیا جانے والا ریلیف اچھا اقدام ہے، شہبازشریف بھی بجلی قیمتوں میں کمی کیلئے اقدامات کریں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔