نیوزی لینڈ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز: قومی ٹیم کا اعلان، عماد اور عامر کی واپسی

لاہور: نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 17 رکنی پاکستان ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔
5 میچوں کی سیریز 18 سے 27 اپریل تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی جس کے لیے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم 14 اپریل کو پاکستان پہنچے گی۔
بابراعظم کی قیادت میں اعلان کردہ ٹیم میں 2 نئے کھلاڑی عثمان خان اور عرفان خان نیازی کو شامل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ عماد وسیم اور محمد عامر کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہوگی جب کہ 5 ریزرو کھلاڑی بھی اس سیریز میں شامل ہیں۔
خیال رہے کہ محمد عامر اور عماد وسیم نے گزشتہ دنوں اپنی ریٹائرمنٹ ختم کرکے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے دستیابی کا اعلان کیا تھا، عماد وسیم نے آخری مرتبہ پاکستان کی نمائندگی گزشتہ سال نیوزی لینڈ ہی کے خلاف راولپنڈی کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کی تھی۔
عماد وسیم66 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 486 رنز بنانے کے علاوہ 65 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
محمد عامر نے آخری مرتبہ 2020 میں پاکستان کی طرف سے انگلینڈ کے خلاف اولڈ ٹریفورڈ میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلا تھا، محمد عامر نے 50 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 59 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم بابراعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد رضوان، عثمان خان، افتخار احمد، اعظم خان، عرفان خان نیازی، شاداب خان، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، زمان خان، محمد عامر، عباس آفریدی، اسامہ میر، فخر زمان اور ابرار احمد پر مشتمل ہے جب کہ ریزرو کھلاڑیوں میں حسیب اللہ، محمد علی، صاحبزادہ فرحان، آغا سلمان اور وسیم جونیئر شامل ہیں۔
سلیکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ اس سیریز میں روٹیشن پالیسی کے تحت زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا تاکہ مضبوط کامبی نیشن تیار ہوسکے، سیریز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاری کا حصہ ہے۔
خیال رہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر اظہر محمود کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔