آخری وارننگ دے رہا ہوں وفاق، پنجاب حکومت باز آجائیں، گنڈاپور
ڈی آئی خان: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ آخری وارننگ دے رہا ہوں کہ وفاق اور پنجاب حکومت باز آجائیں۔
وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے ویڈیو بیان میں کہا کہ اگر یہ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آئے تو پھر دیکھتا ہوں کہ یہ کیسے حکومت چلاسکیں گے۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ مریم نواز مینڈیٹ چوری کرکے وزیراعلیٰ بنی ہیں۔ ان کی حکومت جعلی حکومت ہے۔ نہ ان کے پاس عوام کی طاقت ہے نہ عوام کا ووٹ ہے۔ مریم نواز اپنی حد میں رہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو ایف آئی آرز میرے اور ہمارے کارکنوں کے خلاف کاٹی گئی ہیں وہ 99 فیصد جھوٹی ہیں۔ ہمارے لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جیلوں میں ڈالا گیا ہے۔ اب تک لوگ جیلوں میں ہیں۔ ہمت ہے تو آؤ مجھے گرفتار کرکے دکھاؤ۔ میرے صوبے کے لوگ اپنا اور اپنے وزیراعلیٰ کا تحفظ کرنا جانتے ہیں۔ آئیں اور آ کر مجھے گرفتار کریں تاکہ پتا چلے کہ ان میں کتنا زور اور کتنا دم ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی علی امین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے باپ نواز شریف اور آصف زرداری کے خلاف ڈی آئی خان میں غداری کے مقدمات درج ہیں۔ ان کے وارنٹ جاری کرواکے گرفتاری کے لیے پولیس بھجواسکتے ہیں۔ یہ لوگ بین الصوبائی معاملات میں صوبوں کو لڑانا چاہتے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آخری وارننگ دے رہا ہوں پنجاب اور وفاق کی حکومت کو اپنی حرکتوں سے باز آجائیں۔ اگر باز نہیں آئیں گے تو ہم پھر انہیں دکھائیں گے کہ یہ حکومت کیسے کرتے ہیں۔