ملک میں بجلی و گیس چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ، ٹیمیں تشکیل

اسلام آباد: ملک بھر میں بجلی اور گیس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر بجلی اور گیس چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے اسپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو اس حوالے سے خصوصی ٹاسک بھی دے دیا ہے۔
محسن نقوی نے بجلی اور گیس چوری میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔
ایف آئی اے حکام نے وفاقی وزیر داخلہ کو یونان کشتی حادثے کی تفصیلی رپورٹ پیش کی، جس پر محسن نقوی کا کہنا تھا کشتی حادثے میں ملوث تمام عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا، انسانی اسمگلنگ میں ملوث تمام عناصر کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ حوالہ ہنڈی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی سے پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے۔
اس موقع پر محسن نقوی نے ایف آئی اے کو حوالہ ہنڈی میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا مزید تنگ کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں ایف آئی اے اہلکاروں کی زیر التوا ترقیوں پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، وزیر داخلہ نے زیر التوا پروموشن کیسز کو ایک ماہ میں نمٹانے کی ہدایت کر دی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔