کراچی میں سال نو پر ہوائی فائرنگ، خواتین اور بچوں سمیت 29 افراد زخمی
کراچی: سال نو پر ہوائی فائرنگ کے سلسلے کو روکا نہ جاسکا، 2024 کے آغاز پر آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ اور کراچی پولیس چیف خادم رند کے سخت احکامات کو شہریوں نے ہوا میں اڑا دیا گیا۔
رات 12 بجتے ہی شہر شدید ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کی آوازوں سے گونج اٹھا۔ اندھی گولیاں لگنے سے شہر کے مختلف علاقوں میں خواتین اور بچوں سمیت 29 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
شاہراہوں پر منچلے نوجوان موٹر سائیکلوں پر نکل آئے، بیشتر مقامات پر ٹریفک کے دبائو کی وجہ سے شدید ٹریفک جام ہوگیا جب کہ پولیس نے مختلف الزامات کے تحت 38 سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے۔
ہوائی فائرنگ کی صورت حال پورے کراچی میں دیکھنے کو ملی، زیادہ تر ہوائی فائرنگ شہریوں نے اپنے گھروں کی چھتوں سے کی، جن علاقوں میں سب سے زیادہ ہوائی فائرنگ کی گئی ہے، ان میں نیو کراچی، سرجانی ٹائون، نارتھ کراچی، کٹی پہاڑی، پہاڑ گنج، گلشن معمار، سچل، صفورا گوٹھ، گلستان جوہر، شاہ فیصل، ملیر، قائد آباد، ماڈل کالونی، کورنگی، لانڈھی، ابراہیم حیدری، محمود آباد، چنیسر گوٹھ، اعظم بستی، ڈیفنس ویو، گولیمار، پاک کالونی، بنارس ، اورنگی ٹائون، منگھوپیر، بلدیہ ٹائون، سائٹ سپرہائی وے، سائٹ ایریا، میٹروول، شیر شاہ، لیاری، لیاقت آباد، سولجر بازار، پرانی سبزی منڈی، پی آئی بی کالونی، مچھر کالونی، کیماڑی، شریں جناح کالونی، لائنز ایریا، بزرٹہ لائن کے علاقے شامل ہیں۔
پولیس کے اعلیٰ افسران کی جانب سے احکامات تھے کہ ہوائی فائرنگ میں جو بھی ملوث پایا گیا، اس کے خلاف اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا مگر پولیس کی یہ دھمکی بھی فائرنگ کرنے والوں کو لگام نہیں ڈال سکی۔
ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر جو افراد زخمی ہوئے، ان میں 40 سالہ نعمان ولد نیاز، عدنان ولد عمر، رخسار، نوما دختر آصف، خاتون عائشہ زوجہ عمران، 7 سالہ بچہ حسن، المان ولد یوسف، علی رضا اور شہزاد ولد مجیب، سات سالہ بچہ صائم ودیگر شامل ہیں۔
اتوار کی شب رات ڈیڑھ بجے تک عباسی شہید اسپتال میں 9، جناح اسپتال میں 11، سول اسپتال میں 8 اور دو نجی اسپتالوں میں 3ز خمی لائے گئے تھے، جن کی مجموعی تعداد 31 ہے۔
دوسری جانب پولیس نے 38 افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا ہے۔
رواں سال کا پہلا مقدمہ خواجہ اجمیر نگری تھانے میں دو افراد طارق اور غلام عباس کے خلاف ہوائی فائرنگ کے الزامات کے تحت 1/24 درج کیا ہے۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے 8 ملزمان، کورنگی ڈسٹرکٹ نے 6، ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے 7، کیماڑی پولیس نے 3، ڈسٹرکٹ سائوتھ پولیس نے 8، سٹی نے 3، ملیر پولیس نے 4 افراد کو ہوائی فائرنگ اور دیگر الزامات کے تحت گرفتار کیا۔