روپے کے مقابلے میں ڈالر مزید مہنگا، سونے کی قیمت بھی بڑھ گئی
کراچی: پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ سونا بھی مہنگا ہوگیا
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق آج انٹربینک میں ڈالر کے بھاؤ میں 13 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق آج کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا بھاؤ 287 روپے 03 پیسے پر بند ہوا ہے۔
اس کے علاوہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے مہنگا ہو کر 288 روپے کا ہے۔
خیال رہے کہ کاروباری ہفتے میں انٹر بینک میں ڈالر 2 روپے 72 پیسے مہنگا ہوا ہے۔
دوسری جانب ملک میں آج سونے کی قیمت میں بھی معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر میں فی تولہ سونے کے بھاؤ میں 1300 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 13 ہزار 100 روپے ہوگئی۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی ایک ہزار 114 روپے کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد 10 گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ 82 ہزار 698 روپے ہوگئی۔
ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں 7 ڈالر کے اضافے کے بعد سونے کی قیمت 1975 فی اونس ہوگئی۔