آپریشن کے دوران خاتون کے دماغ سے زندہ کیچوا برآمد

کینبرا: ماہر سرجن خاتون کے دماغ سے 3 انچ (آٹھ سینٹی میٹر) لمبا زندہ کیچوا نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔
آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی خاتون کے سر کا آپریشن کرنے والی سرجن ہاری پریا باندی کا خیال ہے کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ دماغ سے زندگی کیچوا نکالا گیا ہو۔
مقامی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر نے چمٹی سے کیچوے کو باہر نکالا اور باہر نکلنے کے بعد وہ مسلسل حرکت کرتا رہا۔
جرنل ایمرجنگ انفیکشیئس ڈیزیز میں شائع شدہ تحقیق میں بتایا گیا کہ یہ کیچوا آسٹریلوی مقامی قسم کا ایک لاروا تھا۔ تاہم، اس کے متعلق یہ بات معلوم نہیں تھی کہ یہ انسان میں پلنے والا کیڑا ہے۔
ڈاکٹر ہاری باندی کے ساتھ تحقیق کرنے والے ڈاکٹر سنجایا سینانائیکے کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس جون میں وہ اسپتال میں ڈیوٹی پر تھے جب اس کیچوے کی نشان دہی ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کو ایک کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ ایک مریض انفیکشن میں مبتلا ہے، اس کے دماغ سے زندہ کیچوا نکالا گیا ہے۔ یہ اس قسم کے کیچوے سے متعلق دنیا کا پہلا انسانی کیس تھا۔
ڈاکٹروں کے مطابق 64 سالہ خاتون میں علامات کا ظہور جنوری 2021 میں شروع ہوا۔ پہلے پیٹ میں درد اور ہیضہ ہوا۔ اس کے بعد بخار، کھانسی اور سانس پھولنا شروع ہوگئی۔
مریض کو 2021 جنوری کے آخر میں تین ہفتوں کی مسلسل بیماری کے بعد مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا۔
ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ 2022 تک مریضہ بھولنے اور ڈپریشن کے مسائل کا سامنا کرنے لگی تھیں، جس کے نتیجے میں کیے جانے والے ایم آر آئی اسکین میں دماغ کے سامنے کے حصے میں موجود اے ٹیپیکل بافت کو زخمی پایا گیا۔
ڈاکٹر سینانائیکے کا کہنا تھا کہ نیوروسرجن کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ دماغ میں کیچوا ہوسکتا ہے۔ کیچوے کے دِکھنے کے بعد ڈاکٹر باندی نے چمٹی سے اس کو باہر نکالا اور وہ اُس وقت حرکت کررہا تھا۔ ڈاکٹر باندی سمیت آپریشن تھیٹر میں موجود سب افراد حیرت زدہ تھے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔