عمران خان کو پی ٹی آئی کی سربراہی سے ہٹانے کا فیصلہ
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں سزا ملنے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت جاری ہے، اجلاس میں الیکشن کمیشن کے حکام اور ارکان نے شرکت کی۔
اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت سے توشہ خانہ کیس میں سزا ملنے کے بعد کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ سزا یافتہ ہونے پر اب عمران خان پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتے، اس لیے الیکشن کمیشن اب قانونی طور پر عمران خان کو پارٹی کی چیئرمین شپ سے برطرف کرنے کا حکم جاری کرے۔
اطلاعات کے مطابق الیکشن کمیشن کے پولیٹیکل فنانس ونگ نے فائل تیار کرنا شروع کردی اور کچھ دیر بعد اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔
دریں اثناء اجلاس میں ڈیجیٹل مردم شماری کے نتائج پر حکام کو بریفنگ دی گئی۔ مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیاں ہوں گی یا نہیں اجلاس میں غور کیا گیا۔ الیکشن کمیشن مردم شماری کے بعد آئینی اور قانونی آپشنز پر غور کررہا ہے۔
الیکشن کمیشن نے مشاورت کی کہ عام انتخابات کے لیے نئی مردم شماری کرائی جائے یا نہیں، نئی مردم شماری میں عام انتخابات میں کتنی تاخیر ہوگی؟ اس حوالے سے قانونی ٹیم نے الیکشن کمیشن کو بریفنگ دی۔