ٹائی ٹینک کی باقیات دیکھنے جانے والی لاپتا آبدوز کی تلاش جاری
اوٹاوا: بحر اوقیانوس میں لاپتا آبدوز اب تک نہیں مل سکی ہے، اس کی تلاش کے لیے بڑی کوششیں کی جارہی ہے، تاہم تلاش میں شامل کینیڈین طیارے نے سمندر میں آوازوں میں کا پتا لگالیا۔
بیرون ملک کے خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے طیارے نے بحراوقیانوس میں ٹائی ٹینک ڈوبنے کے مقام پر آوازوں کی نشان دہی کی ہے۔ زیر آب آبدوز کی تلاش کے لیے استعمال ہونے والے آلات نے آوازوں کا پتا لگایا ہے جو اطلاعات کے مطابق ہر 30 منٹ بعد سنائی دے رہی ہیں۔
امریکی حکام نے آوازیں موصول ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ لاپتا آبدوز کی تلاش میں امریکا اور کینیڈا کے بحری جہاز اور طیارے حصہ لے رہے ہیں جب کہ روسی ماہرین کا دعویٰ ہے کہ آبدوز کے ریسکیو آپریشن پر 100 ملین ڈالر کے اخراجات آسکتے ہیں۔
آبدوز میں موجود افراد کے لیے آئندہ چند گھنٹے اہم ہیں اور اگر کل دوپہر تک تلاش کامیاب نہ ہوئی تو پانچوں افراد آکسیجن سے محروم ہوجائیں گے۔ آبدوز میں 2 پاکستانی باپ بیٹا بھی سوار ہیں۔
بحراوقیانوس میں 111 سال قبل غرق ہونے والے جہاز ٹائی ٹینک کے ملبے کا نظارہ کرنے کے لیے جانے والی لاپتا آبدوز اتوار کو کینیڈا کے جزیرے نیو فاؤنڈلینڈ سے روانہ ہوئی تھی۔