ڈالر مہنگا، سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
کراچی: ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، دوسری جانب سونے کے نرخ بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔ انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
آج انٹربینک میں کاروبار کے دوران ایک امریکی ڈالر ایک روپے 21 پیسے مہنگا ہوکر 288 روپے 50 پیسے کا ہوگیا۔
بعدازاں کاروبار کے اختتام پر ایک ڈالر 287 روپے 85 پیسے پر بند ہوا۔
انٹربینک میں گزشتہ روز ڈالر 287 روپے 29 پیسے پر بند ہوا تھا۔
کاروبار کے دوران اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 1 روپیہ مہنگا ہوا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ 292 روپے ہے۔
دوسری جانب آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 2500 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد فی تولہ سونا 2 لاکھ 17 ہزار روپے کا ہوگیا ہے۔
عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کا بھاؤ 41 ڈالر اضافے سے 2023 ڈالر فی اونس ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی ملک میں سونے کی قیمت میں 5600 کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔