اہلیان کراچی کیلیے اپریل تا جون بجلی بلوں میں مزید اضافہ ہوگا
کراچی: اپریل تا جون کراچی کے بجلی صارفین اوسطاً 4 روپے 76 پیسے فی یونٹ اضافی ادا کریں گے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کے لیے وفاقی حکومت کی درخواستوں پرسماعت کی۔
نیپرا کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 4 روپے 45 پیسے فی یونٹ تک اضافہ مانگا گیا اور گزشتہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں ایک روپے 55 پیسے فی یونٹ اضافہ مانگا گیا ہے۔
وفاقی حکومت کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کے الیکٹرک صارفین سے ان سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کا اضافہ وصول نہیں کیا گیا تھا، ڈسکوز کے صارفین سے ان سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کا اضافہ وصول کیا جاچکا ہے، لہٰذا ملک میں یکساں ٹیرف کے لیے کے الیکٹرک صارفین سے بھی وصولی ہوگی۔
نیپرا نے کے الیکٹرک کے لیے دو سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس پر سماعت مکمل کرلی۔
سی پی پی اے حکام کے مطابق کراچی کے صارفین اپریل تا جون اوسطاً 4 روپے 76 پیسے فی یونٹ اضافی ادا کریں گے اور کے الیکٹرک صارفین پر 20 ارب روپے تک کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
نیپرا سماعت کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ کے الیکٹرک سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کے تحت فی یونٹ بجلی 6 روپے تک مہنگی ہوگی۔
نیپرا نے کے الیکٹرک کی دو سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس پر سماعت مکمل کرلی، جس کا حتمی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔