ثانیہ اور اذہان نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی
مکۃ المکرمہ: سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے بیٹے اذہان ملک کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کرلی۔ اس موقع پر اُن کے ساتھ اُن کے شوہر پاکستانی کرکٹر شعیب ملک موجود نہ تھے۔
ثانیہ مرزا ان دنوں بیٹے اذہان، والدین، بہن اور بہنوئی کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں۔
سماجی ذرائع ابلاغ پر ثانیہ مرزا نے بیٹے کے ہمراہ عمرہ ادائیگی کی ویڈیو اپ لوڈ کی، جس میں انہیں اپنے والدین، بہن اور بہنوئی کے ہمراہ دیکھا گیا۔
ثانیہ نے ویڈیو کے کیپشن میں عمرہ ادائیگی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے لکھا کہ یہاں بہترین وقت گزرا، اللہ ہمیں بار بار بلائے، ان شاء اللہ، ہر چیز کے لیے الحمدللہ، یارب تیرا شکر ہے۔
ثانیہ مرزا کی پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے جہاں نیک خواہشات کا ذکر کیا گیا، وہیں متعدد صارفین شعیب کی غیر موجودگی پر پریشان ہوگئے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ثانیہ مرزا کی ٹینس سے ریٹائرمنٹ کے بعد دی گئی الوداعی پارٹی میں بھی شعیب ملک شریک نہیں ہوئے تھے۔
شعیب ملک اور ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا کے درمیان گزشتہ دنوں علیحدگی کی خبریں گرم تھیں، تاہم اس حوالے سے دونوں کی جانب سے باضابطہ طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔