مستقبل میں پاکستانی اور بھارتی اداکار ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے، ثروت

کراچی: پاکستانی فلموں اور ٹی وی کی مقبول اداکارہ ثروت گیلانی نے کہا ہے کہ ان کے نصف خاندان کا تعلق بھارت سے ہے جب کہ وہ ہندوستانی ثقافت کے ساتھ پلی بڑھیں اور انہیں امید ہے کہ مستقبل میں پاکستان اور بھارت کے اداکار ایک ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔
ثروت گیلانی کی پیدائش خیبرپختونخوا (کے پی) کے دارالحکومت پشاور میں ہوئی، تاہم ان کی زندگی کا زیادہ تر حصہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گزرا۔

انہوں نے نوجوانی میں ہی اداکاری کا آغاز کیا، ان کے نانا نواب غلام محی الدین خانجی برٹش انڈیا کے دور میں متحدہ ہندوستان کی نوابی ریاست مناودار کے نواب تھے جو 1954 تک برقرار رہی، جس کے بعد اسے بھارت میں ضم کردیا گیا۔
تقسیم کے بعد ان کے نانا پاکستان چلے آئے جب کہ ان کا کچھ خاندان بھارت میں ہی رہ گیا اور ان کی نوابی ریاست کو ریاست گجرات میں شامل کرلیا گیا۔

ثروت گیلانی نے ستمبر 2022 میں ایک شو میں یہ بھی بتایا تھا کہ بولی وڈ کی ماضی کی بولڈ اور مقبول اداکارہ پروین بوبی رشتے میں ان کی خالہ تھیں مگر انہوں نے اس حوالے سے کبھی بات نہیں کی۔
بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ کو حال ہی میں دیے گئے انٹرویو میں ثروت گیلانی کا کہنا تھا کہ ان کے نصف خاندان کا تعلق بھارت سے ہے اور وہ بہت سارے ہندوستانی کلچر اور ثقافت کے ساتھ پلی بڑھی ہیں۔
ثروت گیلانی نے پاکستانی اور بھارتی اداکاروں کو تجویز دی کہ وہ امید کا دامن نہ چھوڑیں اور اس حوالے سے مثبت رہیں کہ ایک دن وہ ایک ساتھ کام کریں گے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے بہت سارے فنکار اور لوگ ایک دوسرے کے ساتھ جڑنا چاہتے ہیں مگر دونوں ملکوں کے بعض لوگوں کے مقاصد دوسرے ہیں، اسی باعث ایسا ہونا فی الحال ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ فنکاروں کے ساتھ بہت زیادہ لوگوں کی حمایت ہے مگر چوں کہ جن افراد کی باتوں اور خیالوں سے پالیسیز بنتی ہیں وہ دونوں ممالک کے فنکاروں کو ایک ساتھ نہیں دیکھنا چاہتے، اس لیے ایسا نہیں ہوپارہا۔
ثروت گیلانی کا کہنا تھا کہ فن محبت کی طرح آفاقی ہے، اسے روکا نہیں جا سکتا اور ایک دن دونوں ممالک کے فنکار ایک ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح ہم دونوں ممالک کے فنکار نیویارک میں جا کر دوسرے لوگوں کے ساتھ کام کرسکتے ہیں تو اسی طرح پاک بھارت کے فنکار ایک ساتھ کام کیوں نہیں کرسکتے؟
ثروت گیلانی نے ’چڑیلز‘ اور ’قاتل حسیناؤں کے نام‘ جیسی ویب سیریز میں بھارتی پروڈیوسرز اور ہدایت کاروں کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو بہت ہی پیارا احساس قرار دیا اور کہا کہ اسی طرح مستقبل میں بھی ایسا ممکن ہے۔
اداکارہ ثروت نے بتایا کہ انہیں بھارتی پروڈیوسرز و ہدایت کاروں کے ساتھ کام کرنے میں کوئی پریشانی نہیں ہوئی، کیوں کہ ان کے نصف خاندان کا تعلق بھارت سے ہے اور وہ ہندوستانی کلچر و ثقافت میں ہی پلی بڑھی ہیں۔
انہوں نے دونوں ممالک کے فنکاروں کو تجویز دی کہ وہ امید کا دامن نہ چھوڑیں اور اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں، ایک دن دونوں ممالک کے فنکار ایک ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔