پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد: حکومت پاکستان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹوں میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے لیکن اس کے باوجود قیمتیں نہیں بڑھارہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری بھیجی تھی، عالمی سطح پر بھی تیل کی قیمت بڑھی ہے لیکن ہم قیمتیں نہیں بڑھا رہے۔
انہوں نے بتایا کہ پیٹرول کی قیمت 214 روپے 80 پیسے فی لیٹر کی سطح پر برقرار رہے گی، اسی طرح ڈیزل کی قیمت 228 روپے 80 پیسے فی لیٹر، مٹی کا تیل 171 روپے 83 پپسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 169 روپے فی لیٹر کی سطح پر برقرار رہے گی اور ان قیمتوں کا اطلاق 15 جنوری تک رہے گا۔