سعودی عرب کی پاکستان کیلیے 3 ارب ڈالر ڈپازٹ میں توسیع
کراچی: پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ میں سعودی عرب کی حکومت نے مزید ایک سال کے لیے توسیع کردی۔
بینک دولت پاکستان کے مطابق سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ (ایس ایف ڈی) نے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم کرنے کے لیے ڈپازٹ کروائے گئے 3 ارب ڈالر کے فنڈ کی مدت میں توسیع کردی، ڈپازٹس کی میعاد ایک سال مزید بڑھانا پاک سعودی مضبوط خصوصی تعلقات کا عکاس ہے۔
اس سلسلے میں وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 3 ارب ڈالر کے سیف ڈیپازٹ پر 3 فیصد سود بھی ادا کیا جائے گا جب کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کا خطرہ ہوا تو رقم فوری واپس کرنا ہوگی۔ ذرائع کے مطابق سیف ڈپازٹ کی مد میں رکھی گئی رقم کو استعمال بھی نہیں کیا جاسکے گا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی اس حوالے سے سعودی ولی عہد سے بات ہوئی تھی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کے مابین کئی شعبوں میں تعاون کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔
دھیان رہے کہ نومبر 2021 میں سعودی فنڈ برائے ترقی ایس ایف ڈی اور اسٹیٹ بینک کے درمیان 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ معاہدے پر دستخط ہوئے تھے۔