عمران نااہلی، ہائیکورٹ نے لارجر بینچ کیلیے کیس چیف جسٹس کو بھجوادیا
لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی نااہلی کے خلاف مقدمے میں وفاقی وزارت قانون و انصاف اور الیکشن کمیشن کو جواب داخل کروانے کی ہدایت کردی جب کہ کیس کو لارجر بینچ کی تشکیل کے لیے چیف جسٹس کو بھجوادیا۔
عدالت عالیہ نے اپنے نوٹ میں لکھا کہ درخواست میں اہم اور قانونی نکات اٹھائے گئے ہیں، جن کی تشریح کے لیے لارجر بینچ بنایا جائے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصر احمد نے دوران سماعت درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض کیا۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے موقف دیا کہ متعلقہ وزارت کو فریق نہیں بنایا، وزارت قانون متعلقہ فریق ہے۔
وکیل درخواست گزار اظہر صدیق نے کہا کہ کیس کی اہمیت کے پیش نظر لارجر بینچ کو بھیج دیا جائے۔ وفاقی وکیل نے لارجر بینچ کی تشکیل پر اعتراض نہیں کیا۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ دیکھنا ہے کہ الیکشن کمیشن کسی رکن پارلیمنٹ کو براہ راست نااہل قرار دے سکتا ہے۔
الیکشن کمیشن کے وکیل عدیل اشرف نے جواب داخل کرنے کے لیے 15روز کی مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو جواب داخل کرنے کی مہلت دے دی۔
عدالت نے اٹارنی جنرل کو معاونت کے لیے طلب کر رکھا ہے جب کہ سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔