پاکستان اور انگلینڈ آج 17 سال بعد کراچی میں مدمقابل ہوں گے
کراچی: بالآخر شائقین کا طویل انتظار اختتام کو پہنچا، آج پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں 17 سال بعد پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پنجہ آزمائی کریں گی۔
7 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے چار میچز کراچی اور تین لاہور میں ہوں گے، سیریز کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں اور گزشتہ روز ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی۔
انگلینڈ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر انجری کی وجہ سے کراچی میں ہونے والے میچز میں شرکت نہیں کرسکیں گے، اس دوران کپتانی کے فرائض معین علی انجام دیں گے، کپتان معین علی کا کہنا ہے کہ شاید بٹلر آخری دو میچز کے لیے ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
دوسری جانب گرین شرٹس ہوم کنڈیشنز میں حریف کو زیر کرنے کے لیے پُرامید ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق تو انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان اب تک کل 21 ٹی 20 میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے 13 میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی ہے جب کہ گرین شرٹس صرف 6 میچز جیت سکی اور ایک میچ بے نتیجہ رہا۔
پاک انگلینڈ سیریز کا پہلا میچ آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔