آرمی چیف اور فوج کی حب الوطنی پر شک نہیں کرنا چاہیے، صدر علوی
اسلام آباد/ پشاور: صدر پاکستان عارف علوی کا کہنا ہے کہ عمران خان آرمی چیف سے متعلق اپنی بات کی خود وضاحت کریں۔
صدر علوی نے گورنر ہاؤس پشاور میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف سمیت پوری فوج محب وطن ہے، جن کی حب الوطنی پر شک نہیں کرنا چاہیے، عمران خان نے آرمی چیف کے حوالے سے جو بات کی وہ خود وضاحت کریں، میں کوئی کنفیوژن پیدا نہیں کرنا چاہتا، جو بھی بات کرے درکار ہے کہ وہ خود ہی اس کی وضاحت بھی کرے۔
انہوں نے کہا کہ میں قومی حکومت کے قیام کی کوشش نہیں بلکہ سب کو ایک ساتھ بٹھانا چاہتا ہوں، اس کام میں کامیابی کے لیے پرامید ہوں، وزیراعظم سے ملاقات ہوتی رہتی ہے، اگر رابطہ نہیں ہے تو فاصلے بھی نہیں، شفافیت آجائے تو صوبوں کے مابین بداعتمادی ختم ہوجائے گی۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بہتر ڈیل ہے، پاکستان معاشی دباؤ سے نکل آیا ہے، دیگر ادارے بھی اب تعاون کریں گے، دعا ہے کہ مہنگائی جلد ختم ہوجائے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا ایک جانور ہے جسے زیادہ اہمیت نہیں دینی چاہیے اس کے ساتھ گزارا کرنا ہوگا، یہ ریگولیٹ نہیں ہوسکتا، جو کوئی بھی بات کرے احتیاط سے بات کرے۔
صدر علوی کا کہنا تھا کہ لوگوں کے فون ٹیپ کرنا خطرناک ہے، تاہم ایسا دنیا بھر میں ہوتا ہے، میں ای ووٹنگ کا حامی ہوں، میں نے اس سلسلے میں کافی کام کیا ہے۔