آرمی میں عمران خان کے بیان پر شدید غم و غصہ ہے، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں ہونے والے سیاسی جلسے کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے پاک فوج کی سینئر قیادت کے بارے میں ہتک آمیز اور انتہائی غیر ضروری بیان پر پاکستان آرمی میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ایک ایسے وقت میں پاک فوج کی سینئر قیادت کو متنازع بنانے کی کوشش انتہائی افسوس ناک ہے جب کہ پاک فوج قوم کی سیکیورٹی اور حفاظت کے لیے ہر روز جانیں قربان کررہی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا آئین میں واضح طریقہ کار موجود ہے اس کے باوجود سینئر سیاست دانوں کی جانب سے اس عہدے کو متنازع بنانے کی کوشش انتہائی افسوس ناک عمل ہے، پاک فوج کی سینئر لیڈرشپ کی اہلیت اور حب الوطنی، اُن کی دہائیوں پر محیط بے داغ اور شاندار عسکری خدمات سے عیاں ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی اعلیٰ قیادت کو سیاست میں ملوث کرنے کی کوشش اور آرمی چیف کی تعیناتی کے طریقہ کار کو متنازع بنانا نہ پاکستان کے مفاد میں ہے اور نہ ہی پاک فوج کے مفاد میں ہے، پاکستان آرمی اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی بالادستی کے عزم پر قائم ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔