آئی ایم ایف پروگرام: آرمی چیف کا سعودی اور اماراتی حکام سے رابطہ

راولپنڈی: سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حکام سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی ایم ایف قرض پروگرام کے سلسلے میں رابطہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب اور یو اے ای کے حکام سے گفتگو میں آئی ایم ایف پروگرام پر بات کی۔
نجی ٹی وی کے مطابق آرمی چیف کے رابطے کے نتیجے میں پاکستان کے لیے جلد اچھی خبر متوقع ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی نائب وزیر خارجہ سے بھی رابطہ کیا تھا اور جلد قرض کے لیے آئی ایم ایف پر دباؤ ڈالنے کی درخواست کی تھی۔
قبل ازیں گزشتہ دنوں پاکستان میں آئی ایم ایف کی نمائندہ ایستھرپیرز ریز نے کہا تھا کہ پاکستان نے پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی (پی ڈی ایل) میں اضافہ کرکے مشترکہ جائزہ کی پیشگی شرائط پوری کردی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 24 اگست کو متوقع ہے، جس میں پاکستان کے ساتھ معاہدے کی منظوری دی جائے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔