حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا بڑا فیصلہ
اسلام آباد: وزارت پٹرولیم اور خزانہ سے وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے سمری طلب کرلی۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بڑی عید پر عوام کو بڑی خوش خبری دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعظم نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کا فیصلہ کرنے کے لیے وزارت پٹرولیم اور وزارت خزانہ سے تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری مانگ لی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی سمری بھجوانے کا حکم دیا اور شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں اضافے پر قربانی دی، اس کا پورا پھل بھی انہیں ہی ملنا چاہیے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ عوام نے مشکل وقت گزارا، اب پورا ریلیف ملنا بھی اُن کا حق ہے، عالمی منڈی میں جتنی کمی ہوئی ہے، پوری شفافیت کے ساتھ عوام کو اس کی منتقلی یقینی بنائیں، سابق حکومت کی لائی مہنگائی سے ستائے عوام کی حتی المقدور اشک شوئی کرتے رہیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا فضل وکرم یوں ہی جاری رہا تو اِن شاءاللہ عوام کی زندگی میں مزید آسانیاں لائیں گے۔ اجلاس میں اوگرا سمیت دیگر وزارتوں اور محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔