حکومت کو پی ٹی آئی لانگ مارچ کیلیے مناسب جگہ فراہم کرنے کا عدالتی حکم
اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے حکومت کو پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے لیے مناسب جگہ فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ میں لانگ مارچ کے دوران راستوں کی بندش اور گرفتاریوں کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے، اسکولز اور ٹرانسپورٹ بند، تمام امتحانات ملتوی، سڑکیں اور کاروبار بند کردیے گئے، معاشی لحاظ سے ملک نازک دوراہے اور دیوالیہ ہونے کے درپے ہے، کیا ہر احتجاج پر پورا ملک بند کر دیا جائے گا؟
اٹارنی جنرل نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ مجھے تفصیلات کا علم نہیں، معلومات لینے کی مہلت دی جائے۔ جسٹس مظاہر نقوی نے ریمارکس دیے کہ اٹارنی جنرل صاحب، کیا آپ کو ملکی حالات کا علم نہیں؟ سپریم کورٹ کا آدھا عملہ راستے بند ہونے کی وجہ سے پہنچ نہیں سکا۔
اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا کہ عوام کے تحفظ کیلئے حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں، تحریک انصاف نے خونی مارچ کی دھمکی دی ہے، مسلح افراد کو احتجاج کی اجازت کیسے دے سکتے ہیں۔
سپریم کورٹ نے حکومت کو پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کیلئے مناسب جگہ فراہم کرنے کا حکم دے دیا جبکہ تحریک انصاف کو اپنا احتجاج ریکارڈ کروانے کے بعد گھروں کو جانے کی ہدایت کی ہے۔