بھارت، بلیو ٹوتھ کے ذریعے امتحان میں نقل کرانے والا گروہ پکڑاگیا
نئی دہلی: بھارت میں پولیس نے سرکاری ٹیچرز کی بھرتی کے لیے ہونے والے امتحان میں نقل کرانے والے گروہ کو بے نقاب کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راجستھان پولیس نے ریاست بھر میں چھاپے مار کر اس گروہ کے 40 کارندوں کو گرفتار کرلیا، جو نقل کے لیے چپلوں میں کالنگ آلات نصب کرتے تھے۔ بیکانیر شہر میں ایک خاتون سمیت گروہ کے 5 کارندوں کو پکڑا گیا، جو امتحان دینے والے امیدواروں کی چپلوں میں بلیو ٹوتھ ڈیوائس لگاتے تھے اور ایک چپلوں کا جوڑا 6 لاکھ روپے میں فروخت کرتے تھے۔
چپلوں کے سول میں ایک ننھی سی بیٹری اور ایک سم کارڈ چھپایا جاتا تھا جب کہ امیدوار کے کان میں ننھا سا مائیکرو فون لگایا جاتا تھا، جس کے ذریعے وہ سوالات کے جوابات سن کر پرچہ حل کرلیتے۔
پولیس کے مطابق ملزمان میں ایک معطل سب انسپکٹر بھی شامل ہے جو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ گرفتار ملزمان سے بلیوٹوتھ ڈیوائسز اور سم کارڈز برآمد کیے گئے ہیں۔ اس نیٹ ورک کا ماسٹر مائنڈ ایک کوچنگ سینٹر کا مالک تلسی رام بتایا جاتا ہے، جو اس سے پہلے بھی نقل کے الزامات میں گرفتار ہوچکا ہے۔
اسی کیس میں جب پولیس نے ایک جوڑے کو نقل کے الزام میں گرفتار کیا تو پتا چلا کہ اس جوڑے نے اپنی ایپلی کیشنز میں یکساں نام، والدین کے نام، یہاں تک کہ تاریخ پیدائش بھی یکساں لکھی تھی۔ اسی طرح اپنی بیویوں کو نقل کرانے کے الزام میں 2 پولیس کانسٹیبلز کو بھی معطل کیا گیا ہے۔