عمر شریف کے علاج کے لیے سندھ حکومت نے رقم جاری کردی
کراچی: حکومت سندھ نے کامیڈی کنگ عمر شریف کے علاج کے لیے رقم جاری کردی۔ دوسری جانب عمر شریف کی اہلیہ نے دوران علاج ہسپتال سے تصویر وائرل ہونے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
عمر شریف کے علاج کے لیے سندھ حکومت آگے آگئی، محکمہ خزانہ سندھ نے کامیڈی کے بے تاج بادشاہ کے علاج کے لیے چار کروڑ روپے کی رقم کے اجرا کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ سندھ حکومت نے عمر شریف کے لیے ایئر ایمبولینس کا بھی بندوبست کردیا۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے عمر شریف کی عیادت کرکے مالی امداد کا وعدہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے بھی اداکار کا علاج کرانے کے لیے بھرپور مدد کا اعلان کیا تھا، گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا تھا کہ عمر شریف کا علاج امریکا میں کروانے کے لیے ویزے کی درخواست سفارت خانے میں جمع کروادی ہے۔