آرمی چیف سے سی آئی اے کے ڈائریکٹر کی اہم ملاقات
راولپنڈی: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی انٹیلی جنس ایجنسی سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم جوزف برنس نے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات کے موقع پر ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید بھی موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی اور افغانستان کی موجودہ صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان مستحکم اور خوش حال افغانستان کے لیے پُرعزم ہے جب کہ سی آئی اے کے سربراہ نے پاکستان کے افغانستان میں کردار اور انخلا کے اقدامات کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ولیم جوزف برنس نے خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی حکام کی جانب سے اعادہ کیا گیا کہ پاکستان خطے میں امن سے متعلق تعاون کے لیے پُرعزم ہے۔
دھیان رہے کہ سی آئی اے کے سربراہ اس سے قبل افغانستان اور بھارت کا دورہ بھی کرچکے ہیں۔