سندھ میں پیر سے اسکولز کھولنے کا فیصلہ
کراچی: سندھ حکومت نے 23 اگست سے اسکولوں میں تدریسی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دے دی۔
کراچی میں پریس بریفنگ کے دوران وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا کہ پیر 23 اگست سے صوبے بھر میں اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وہی اسکول کھلیں گے جن کا عملہ 100 فیصد ویکسین لگواچکا ہے، تعلیمی ادارے ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھلیں گے۔
سردار شاہ نے کہا کہ سرکاری ملازمین نے تنخواہ بند ہونے کے ڈرسے سو فیصد ویکسین کروالی ہے، دیہات میں ویکسی نیشن کا عمل سست ہے، اس لیے وہاں کچھ رعایت ہوگی۔
یکساں تعلیمی نصاب کے حوالے سے سردارعلی شاہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کا آئین نہیں پڑھا، انہوں نے اپنے منشور میں کہہ دیا تھا کہ ملک میں یکساں نصاب تعلیم نافذ کریں گے، ہم اپنے ہیروز کے بارے میں بچوں کو پڑھا رہے ہیں، میرے لوگ روپلو کولہی، مخدوم بلاول اور دودو سومرو کو پڑھنا چاہتے ہیں تو میں کیوں نہ پڑھاؤں۔