سندھ حکومت چاہے تو رینجرز کی مدد دینے کو تیار ہیں، وزیر داخلہ

کراچی: شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سندھ میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے، سندھ حکومت چاہے تو رینجرز کی مدد دینے کو تیار ہیں، کراچی میں آپریشن ہوگا نہ گورنر راج لگے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم یا وزارت داخلہ کا آپریشن سے کوئی تعلق نہیں، ڈاکو راج کے خاتمے کے لیے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔ اگر سندھ حکومت مدد کے لیے کہے گی تو کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر کراچی آیا ہوں، یہاں تمام اداروں کے سربراہان سے ملاقات ہوئی۔ وفاق اور صوبائی حکومت مل کر ڈاکوؤں سے نمٹیں گے۔ امن و امان کا قیام صوبے کا مسئلہ ہے۔ سندھ حکومت چاہے تو رینجرز کی مدد دینے کو تیار ہیں۔ رینجرز کن علاقوں میں چاہیے یہ صوبائی حکومت کی صوابدید ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ سندھ پولیس کو جتنا اسلحہ چاہیے فراہم کریں گے۔ ڈاکو راج ختم کرنے کے لیے ڈرون سمیت ہر قسم کا اسلحہ دیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ شکارپور کی صورت حال سے خود نمٹنا چاہتے ہیں۔ سندھ حکومت کو جہاں مدد کی ضرورت پڑی کریں گے۔
اس سے قبل وزیر داخلہ شیخ رشید کی وزیراعلیٰ سندھ سے اہم ملاقات میں صوبہ میں امن وامان کی صورت حال پر بات چیت کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خاتمے کے لیے آپریشن ہوگا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔