کورونا کیسز میں اضافہ، سندھ میں کاروباری سرگرمیاں 6 بجے بند کرنے کا حکم
کراچی: صوبے میں کورونا کی تشخیص کی شرح 8.8 فیصد ہونے کے بعد سندھ حکومت نے موجودہ پابندیاں اگلے 2 ہفتوں تک صوبے بھر میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں کورونا وائرس صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سندھ میں کل سب سے زیادہ 24299 نمونوں کی جانچ کی گئی، جس کے نتیجے میں 2136 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، اس وقت صوبے میں تشخیص کی شرح 8.8 فیصد ہے۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے اجلاس کو بتایا کہ 13 مئی یعنی عید پر 1232 کیسز تھے، 19 مئی کو 2076 کیسز اور 21 مئی کو 2136 کیسز تھے۔ جس پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کیسز کی شرح عید کے بعد مسلسل بڑھ رہی ہے، 7 دنوں (15 مئی سے 21 مئی تک) میں کراچی میں 13.97 فیصد کیسز ہوئے۔
سیکریٹری صحت کاظم جتوئی نے بریفنگ میں بتایا کہ حیدرآباد میں 10.83 فیصد کیسز اور باقی سب اضلاع میں 5.40 فیصد کیسز رپورٹ ہوئے، ہفتہ وار رپورٹ کے حساب سے کراچی شرقی میں 15 فیصد کیسز ہیں، ضلع وسطی میں 13 فیصد، ملیر اور غربی میں 10 فیصد کیسز ہیں، حیدرآباد میں 11 فیصد اور سکھر میں 8 فیصد کیسز ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 30 دنوں میں کورونا کے 213 مریض انتقال کرگئے، انتقال کرنے والوں میں 164 اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز پر تھے اور 42 مریض اسپتال میں وینٹی لیٹرز پر نہیں تھے جب کہ 26 مریضوں کا گھروں میں انتقال ہوا۔ سندھ کو اس وقت تک 10 لاکھ 7 ہزار سینوفارم اور 47000 کیسینو ویکسین موصول ہوئی ہیں، 4 لاکھ 85 ہزار سینو ویک اور 1 لاکھ 7 ہزار 500 ایسٹرازینیکا ویکسین موصول ہوئی ہیں۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ٹاسک فورس کے اجلاس میں کورونا صورت حال کے پیش نظر موجودہ پابندیاں اگلے 2 ہفتوں تک صوبے بھر میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تمام سیاحتی مراکز، سی ویو، ہاکس بے، تفریحی پارکس مزید 2 ہفتوں کے لیے بند رکھے جائیں گے، شادی ہالز بھی بند رہیں گے جب کہ واکنگ ٹریکس کھلے رکھے جائیں گے۔
ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق پیر سے تمام مارکیٹس اور دکانیں شام 6 بجے تک ایس او پیز کے تحت کھلی رہیں گی، ڈیپارٹمنٹل اسٹور بھی شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے، انٹرسٹی ٹرانسپورٹ 50 فیصد مسافروں کے ساتھ چلیں گی، خلاف ورزی پر جرمانہ ہوگا جب کہ اسکولز کے کھلنے کا فیصلہ تب کریں گے جب کورونا کی صورت حال بہتر ہوجائے گی۔ ٹاسک فورس نے وزیر تعلیم کو تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی ویکسی نیشن کرنے کا بندوبست کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث لاک ڈاؤن میں مزید سختی متوقع ہے، گزشتہ اجلاس میں بھی ٹاسک فورس ارکان اور ماہرین نے مزید سخت فیصلے کرنے کا مشورہ دیا تھا۔