کورونا کی سنگین صورت حال، علی ظفر کی عاجزانہ دعا!
کراچی: گلوکار اور اداکار علی ظفر نے کورونا وبا کی سنگین صورت حال میں عاجزانہ دعا شیئر کی ہے۔
علی ظفر نے یوٹیوب پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ عاجزانہ دعا پڑھ رہے جس کے اشعار کچھ اس طرح ہیں ’’بے کس پہ کرم کیجیے سرکارِ مدینہ‘‘۔
علی ظفر کا کہنا ہے کہ ’’ہم سب اس وقت ایک مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ لیکن ایسی کوئی چیز نہیں جسے دعا سے نہ حاصل کیا جا سکتا ہو۔ رمضان کے ان بابرکت ایام میں ایک عاجزانہ دعا شیئر کررہا ہوں۔ ہوسکتا ہے اس سے ہم سب کو امن، صحت اور دنیا بھر کے لوگوں کی زندگیوں اور خوشیوں کو بحال کرنے میں مدد مل سکے۔‘‘
اُن کا کہنا تھا کہ اس دعا کو انہوں نے اپنی آواز میں گایا ہے لیکن اسے اوریجنلی لتا منگیشکر نے گایا تھا۔ اس کی موسیقی نوشاد علی نے دی ہے جب کہ اس کے اشعار شکیل بدایونی نے لکھے ہیں۔
یہ دعا بھارتی سنیما کی تاریخ کی مقبول ترین فلم مغل اعظم میں شامل تھی اور مدھو بالا پر فلمائی گئی تھی۔ اس فلم کی کاسٹ میں مدھو بالا کے علاوہ دلیپ کمار اور پرتھوی راج شامل تھے۔