13 دسمبر کے بعد عمران خان کیلیے خوشخبری کے دن شروع ہوجائیں گے، شیخ رشید
لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ سارے چوہدری بھی مرجائیں مولانا فضل الرحمان کا قرعہ پھر بھی نہیں نکلے گا۔
وزیر ریلوے شیخ رشید کا لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 13 دسمبر کو کوئی قیامت ہونے نہیں جارہی، بلکہ 13 دسمبر کے بعد عمران خان کے لیے خوشخبری کے دن شروع ہوجائیں گے، مارچ میں سینیٹ کے الیکشن کے بعد عمران خان اور مضبوط ہوجائیں گے، مجھے امید ہے کہ اپوزیشن اراکین استعفے نہیں دیں گے اور اگر دے بھی دیں تو اسمبلی کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا، حالات جیسے بھی ہوں پی ڈی ایم کو فائدہ نہیں ہوگا، عمران خان مینار پاکستان سے اوپر گئے تھے اور اپوزیشن مینار پاکستان سے نیچے آئی گی، عمران خان نے کہا ہے حکومت چھوڑ دوں گا، کرپٹ کے ساتھ ہاتھ نہیں ملاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی سیاستدان مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرتا، عمران خان نے اپوزیشن کو دعوت دی کہ اسمبلی میں آئیں اور ڈائیلاگ کریں لیکن اپوزیشن کہتی ہے کہ ہم ان سے بات کرنے کو تیار نہیں، اگر یہ عمران خان سے مذاکرات نہیں کرنا چاہتے تو بتائیں کس سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، جن سے آپ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں وہ نوازشریف کے بیانیے کے مخالف ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کا نظریاتی اتحاد نہیں، ان کا نظریہ ہے عمران خان نہ ہو، جو فرماتے تھے آر ہوگا یا پار ہوگا، وہ بیچ منجدھار ہوگئے ہیں، آصف زرداری چھٹا بحری بیڑہ ہے، وہ حالات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش میں ہے، سارے چودھری بھی مرجائیں مولانا فضل الرحمان کا قرعہ پھر بھی نہیں نکلےگا، (ن) لیگ سے بھی اب ایک بڑا گروپ بنے گا، بالآخر ایسا وقت آجانا ہے لوگ سیاست سے تنگ آجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں کورونا کی وبا پھیلی ہوئی ہے اور اپوزیشن کو جلسوں کا شوق ہے، پنجاب بھر بلکہ لاہور میں بھی کورونا سے عوام کی جان کو خطرہ ہے، جب کہ شہر میں ہائی الرٹ ہے اور آج بھی 5 دہشت گرد پکڑے گئےہیں، آپ چاہتے ہیں غریب کا بچہ کورونا سے خودکشی کرے، اپنے بچوں کو محفوظ گھروں میں رکھا ہوا ہے، اگر یہ لوگ جیلوں میں بھی چلے جائیں تو اراکین اسمبلی ہونے کے باعث سہولتیں مل رہی ہیں، یہ لوگ اراکین اسمبلی نہ رہے تو جیلوں میں سی کلاس ملے گی۔