نواز شریف کے باہر جانے پر وزیراعظم کو افسوس ہے، شیخ رشید کا بڑا بیان
لاہور: شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے باہر جانے پر وزیراعظم پچھتارہے ہیں جب کہ حکومت اسحاق ڈار کو واپس نہ لاسکی، نواز شریف کو لانا تو اور مشکل ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ریلوے کی ری اسٹرکچرنگ کے حکم پر چار ہفتوں میں مکمل عمل درآمد کریں گے۔
اپوزیشن کی اے پی سی عید کے بعد ہونا تھی لیکن اب محرم الحرام آگیا، محرم کے بعد بھی اے پی سی نہیں ہوگی یہ اپنے گلے پڑ جائے گی، فضل الرحمان ن لیگ اور پیپلزپارٹی سے جو چاہتے ہیں وہ انہیں نہیں ملے گا، ان کی سیاست کا تو پہلے ہی خانہ خراب ہے تو وہ چاہتے ہیں کسی اور کا بھی نہ رہے۔
ن لیگ اور پیپلزپارٹی عمران خان کے خلاف کوئی تحریک نہیں چلاسکتے، دونوں جماعتیں این آر او کی تلاش میں ہیں، وزیراعظم عمران خان کچھ بھی کرلیں گے لیکن این آر او نہیں دیں گے، وہ پہلے ہی پچھتارہے ہیں کہ نواز شریف چلاگیا۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف اتنا بھولا نہیں کہ شہباز شریف والی غلطی کرے، ان کے لیے شہباز شریف کی ایک قربانی کافی ہے، مردہ اور تھکی ہوئی اپوزیشن عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، باہر نکلے گی تو اور تھک جائے گی۔
نواز شریف کو واپس لانے کے حکومتی اقدامات سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ اسحاق ڈار اور سلمان شہباز کو نہیں لاسکے تو نواز شریف کو لانا آسان کام نہیں، لیکن خواہش ہے کہ وہ واپس آکر مقدمات کا سامنا کریں۔