کورونا وبا قابو، عید و محرم پر احتیاط نہ کی تو دوبارہ پھیل سکتی ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نے ملک میں کورونا وائرس کی صورت حال سنبھلنے پر اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عوام پر زور دیا کہ عیدالاضحیٰ اور محرم الحرام میں احتیاط نہ کی تو وبا دوبارہ پھیل سکتی ہے۔
عمران خان کا وبائی صورت حال سے قوم کو آگاہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سب کو سمجھنا چاہیے کہ کورونا وائرس سے دنیا ابھی سیکھ رہی ہے۔ ابھی تک وبا کے علاج کے لیے ویکسین نہیں آئی۔ آگے بھی چیلنجز ہیں، ہمیں احتیاط کرنا ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد کم ہوئی ہے۔ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں سے ہے جہاں وبا پر قابو پالیا گیا ہے۔ گزشتہ تین دن کے دوران پاکستان میں کورونا سے انتہائی کم ہلاکتیں ہوئیں، ہسپتالوں پر بوجھ کافی حد تک کم ہوچکا ہے۔ تاہم ہمیں آئندہ بھی سخت احتیاط کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یورپ کے حالات مختلف ہیں، لیکن اس کے باوجود ہمارے اوپر دباؤ تھا کہ سخت لاک ڈاؤن لگایا جائے۔ جن کے پاس وسائل تھے انہوں نے ہم پر بڑی تنقید کی لیکن یہ بات جاننا ضروری ہے کہ غربت کے شکار ملکوں میں کرفیو نہیں لگایا جاسکتا۔ آج دنیا بھی مان رہی ہے کہ فوری لاک ڈاؤن ناممکن ہے۔
عالمی وبا کے متعلق حکومتی پالیسی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کا سب سے زیادہ اثر غریب طبقے پر پڑا۔ بھارت نے سخت لاک ڈاؤن کیا لیکن وہاں کیسز بھی بڑھ رہے ہیں۔ وہاں کا نچلا طبقہ بالکل پس گیا۔ اس کے مقابلے میں ہم نے اپنے غریب عوام کے لیے احساس کیش پروگرام شروع کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا تو ہم پر سخت تنقید کی گئی لیکن پالیسی انتہائی کامیاب رہی، اللہ کا شکر ہے ہمارا فیصلہ درست تھا۔ ہم نے فیصلہ کیا کہ لوگوں کو کورونا اور بھوک سے بھی بچانا ہے۔ آج پاکستان ان چند ملکوں میں سے ہے جہاں وبا پر قابو پالیا گیا ہے۔ مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے۔
وزیراعظم نے عوام کو احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑنے کی تلقین کرتے ہوئے زور دیا کہ ابھی ہمیں کورونا وائرس سے مزید چیلنجز درپیش ہیں۔ انہوں نے آسٹریلیا اور اسپین کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں احتیاط نہ کرنے سے کیسز کی تعداد دوبارہ بڑھی، اگر ہم نے بھی ایسا کیا تو کیسز دوبارہ بڑھ سکتے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔