عدالت عالیہ کا پب جی گیم فوری کھولنے کا حکم
اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے پب جی کو فوری طور پر کھولنے کا حکم دے دیا۔
عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق نے پب جی پر پابندی کے خلاف محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی اے کو پب جی گیم کو فوری کھولنے کا حکم دیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی اے کا پب جی پر پابندی کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
پی ٹی اے نے نوجوانوں کی خودکشی اور شہریوں کی شکایات کے بعد پب جی پرپابندی لگائی تھی۔ تاہم پاکستان میں پب جی کنٹرول کرنے والی کمپنی نے پی ٹی اے کے فیصلے کو عدالت عالیہ میں چیلنج کیا تھا۔
گزشتہ روز پی ٹی اے نے پب جی پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پی ٹی اے نے لاہور ہائی کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں اپنے اعلامیے میں کہا تھا کہ پی ٹی اے نے پب جی کی انتظامیہ سے پب جی کے سیشنز، پاکستان میں استعمال کنندگان کی تعداد اور کمپنی کی طرف سے نافذ کردہ کنٹرولز کی تفصیلات طلب کی تھیں لیکن پب جی کی طرف سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔