پٹرول پر 47، ڈیزل پر 51 روپے فی لیٹر ٹیکس وصول کررہے ہیں، عمر ایوب
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب کا کہنا ہے کہ پٹرول پر 47 روپے 86 پیسے جب کہ ڈیزل پر 51 روپے 41 پیسے فی لیٹر ٹیکس وصول کررہے ہیں۔
سینیٹ اجلاس کے دوران جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ حکومت پٹرول کی قیمت خرید سے 100 فیصد زائد ٹیکس کیوں وصول کررہی ہے۔
جواب میں وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عوام کو ریلیف دے رہے ہیں، خطے میں پاکستان میں تیل کی قیمت اس وقت سب سے کم ہے، پٹرولیم مصنوعات پر 17 فیصد ٹیکس لے رہے ہیں، سپلائی کی مد میں 9 روپے 70 پیسے وصول کیے جارہے ہیں، پٹرول پر 47 روپے 86 پیسے اور ڈیزل پر 51 روپے 41 پیسے فی لیٹر ٹیکس وصول کررہے ہیں، اگر حکومت ٹیکس وصول نہیں کرے گی تو سینیٹ کی لائٹس اور ارکان کی تنخواہ کا خرچہ کون دے گا۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں ایک سوال کے جواب میں عمر ایوب نے کہا کہ کیکڑا ون ایگزون موبائل، او جی ڈی سی ایل اور پی پی ایل نے مشترکہ طور پر شروع کیا، اس کنویں کی کھدائی پر کل 122 ملین ڈالر سے زائد رقم خرچ ہوئی۔ اس منصوبے پر حکومت کا کوئی خرچہ نہیں ہوا، مذکورہ کنواں 5693 میٹر کھودا گیا مگر وہاں تیل و گیس کی تلاش میں کامیابی نہ مل سکی، اس کنویں کی کھدائی سے پتا چلا یہاں پر تیل و گیس کا پریشر نہیں بلکہ یہاں پانی کا ذخیرہ ہے۔