امریکی ڈالر کی قدر میں 1 روپیہ 17 پیسے کی کمی!
کراچی: پاکستان بھر میں رواں ہفتے کے چوتھے روز روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر میں کمی دیکھنے میں آئی، امریکی کرنسی ایک روپیہ 17 پیسے سستی ہوگئی۔
ملک بھر میں رواں ہفتے کے دوران معاشی اعشاریوں میں بہتری اور چینی بینکوں سمیت عالمی اداروں کی جانب سے ملنے والی دو ارب ڈالر سے زائد امداد کے بعد ملکی روپیہ تگڑا ہونے لگا، جس کے بعد رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران امریکی ڈالر کی قدر میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں ایک روپیہ 17 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد انٹر بینک میں امریکی کرنسی کی نئی قیمت 168.05 روپے سے کم ہوکر 166.88 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔