شام میں داعش کے حملے میں 53 افراد ہلاک

دمشق: زلزلہ زدہ ملک شام کے علاقے حمص کے مشرق میں صحرائے الصخنہ کے جنوب مغرب میں داعش کے حملے میں 53 افراد ہلاک ہوگئے۔
شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق داعش کے حملے میں ہلاک ہونے والوں میں 46 شہری اور 7 سیکیورٹی اہلکار شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق داعش کے حملے کا نشانہ بننے والے زیادہ تر افراد عام شہری تھے جو صحرا سے کھمبیاں چننے کا کام کرتے تھے۔
بیرون ملک کے خبر رساں ادارے کے مطابق تاحال واقعے کی ذمے داری کسی نے قبول نہیں کی ہے۔
دوسری جانب شام کے معاملات پر نظر رکھنے والے انسانی حقوق کے برطانوی ادارے کی جانب سے بھی شام کے پالمیرا ریجن میں داعش کے حملے کی رپورٹ جاری کی گئی تھی۔
برطانوی ادارے کے مطابق حالیہ دنوں داعش کے دہشت گردوں کی جانب سے عورتوں، بچوں اور عام لوگوں پر حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے، گزشتہ ہفتے بھی چرواہوں پر اسی نوعیت کا حملہ کیا گیا تھا، جس میں 16 افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ کئی لوگوں کو اغوا کرلیا گیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔