کراچی پولیس آفس حملہ، دہشت گردوں کی شناخت کرلی گئی

کراچی: شہر قائد میں پولیس آفس (کے پی او) پر حملہ کرنے والے تینوں دہشت گردوں کی شناخت کرلی گئی ہے۔
کراچی کی شارع فیصل پر واقع کراچی پولیس آفس پر گزشتہ روز دہشت گروں کے حملے میں 2 پولیس اہلکاروں اور رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید ہوئے جب کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے اور عمارت کو قریباً 4 گھنٹے بعد کلیئر کرالیا گیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ایسٹ مقدس حیدر نے بتایا کہ حملے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے، ایک دہشت گرد چوتھی منزل پر اور 2 چھت پر ہلاک ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں میں سے ایک نے خود کو دھماکے سے اڑایا۔
ذرائع کے مطابق کراچی پولیس آفس پر حملہ کرنے والے تینوں دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکُش دھماکا کرنے والا دہشت گرد زالا نور شمالی وزیرستان سے تعلق رکھتا تھا جب کہ سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں مارا گیا دہشت گرد کفایت اللہ لکی مروت کا رہائشی تھا۔
تیسرے دہشت گرد مجید کا تعلق شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل سے بتایا جاتا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔