190 ملین پاؤنڈ کیس، عمران اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد

راولپنڈی: 190 ملین پاؤنڈ کیس میں احتساب عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کردی۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید نے اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کی، اس سلسلے میں بشریٰ بی بی کو بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔
بانی پی ٹی آئی کی طرف سے بیرسٹر سلمان صفدر، عمیر نیازی اور دیگر وکلا عدالت میں پیش ہوئے جب کہ نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے دلائل دیے۔
سماعت کے موقع پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کمرۂ عدالت میں موجود تھے، عدالت نے دونوں ملزمان کی موجودگی میں فرد جرم پڑھ کر سنائی، تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔
جج نے عمران خان سے سوال کیا کہ آپ پر فریم چارج کیا جارہا ہے، آپ بتائیں آپ گلٹی ہیں یا نہیں، اس پر عمران خان نے کہا کہ میں نے چارج شیٹ پڑھ کر کیا کرنا ہے، مجھے معلوم ہے اس میں کیا لکھا ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے دوران سماعت کہا کہ ہم اس کیس میں تاخیر نہیں چاہتے، 8 فروری سے پہلے نیب کو جلدی تھی، اب ہم چاہتے ہیں سزا جلدی ہو۔
جج نے استفسار کیا کہ خان صاحب، آپ پہلے بتائیں آپ کے دانتوں کا چیک اپ ہوا کہ نہیں، اس پر عمران خان نے کہا کہ ابھی تک دانتوں کا چیک اپ نہیں ہوا جیل انتظامیہ نے کہا تھا اتوار کو ڈاکٹر آئے گا، اب جیل انتظامیہ کہہ رہی ہے اگلے اتوار کو ڈاکٹر آئے گا۔
عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 6 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے کیس کے 58 گواہان میں سے 5 گواہان کو شہادتیں ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کرلیا۔
علاوہ ازیں عدالت نے عمران خان کے طبی معائنے، دانتوں کے چیک اپ کے لیے جنرل فزیشن اور ڈینٹسٹ کی فراہمی کی درخواست منظور کرلی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔