پنجاب: بلدیاتی انتخابات موخر، اسکولوں کی چھٹیاں 30 مئی تک ہوں گی

لاہور: کابینہ اجلاس میں پنجاب حکومت نے بڑے فیصلے کرلیے، صوبے کے سرکاری اسکولوں کی چھٹیاں یکم جون تک بڑھانے کی منظوری دیدی جب کہ بلدیاتی انتخابات موخر کردیے گئے ہیں۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب کے اسپتالوں میں حاضر ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اسٹاف کی انشورنس کرانے اور بلوچستان کے لیے ایک ارب روپے کی گرانٹ دینے کی منظوری بھی دی گئی۔
کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے بتایا کہ صورت حال کے پیش نظر صوبے میں بلدیاتی انتخابات موخر کردیے گئے ہیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ صوبے بھر کے اسکولوں کی چھٹیاں 30 مئی تک بڑھانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نجی اسکولوں کو تجویز دی کہ وہ نصف فیس وصول کریں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی بتایا کہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر 10 ہزار نئے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی بھرتیاں کی جائیں گی۔ کورونا وائرس کے پیش نظر ہم ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے تحفظ کو یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ سماجی بہبود کے فنڈز کو کورونا سے بچاؤٔ کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
عثمان بزدار نے اعلان کیا کہ میرے سمیت صوبائی کابینہ کے تمام اراکین اپنی ایک ماہ کی تنخواہ کورونا وائرس سے بچاؤٔ کے لیے دے رہے ہیں۔ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کو 11 ارب روپے اور پی ڈی ایم اے کو 2 ارب روپے کے فنڈز جب کہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کو 7 کروڑ اور بلوچستان کے لیے 1 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ لیبارٹریز کو فعال کرنے کے لیے بھی فنڈز کا اجرا کیا گیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔