مضبوط ریاست، بااختیار انتظامی یونٹس

دانیال جیلانی
پاکستان میں کچھ بحثیں ایسی ہیں جو برسوں تک سیاسی نعروں، علاقائی حساسیتوں اور جماعتی مفادات کے درمیان الجھی رہتی ہیں۔ نئے انتظامی یونٹس کا معاملہ بھی طویل عرصے سے اسی کیفیت کا شکار ہے۔ مگر حالات کبھی کبھی پرانے سوالات کو نئے انداز سے دیکھنے پر مجبور کردیتے ہیں۔ آج پاکستان جس آبادی، شہری پھیلاؤ، معاشی دباؤ اور انتظامی پیچیدگی سے گزر رہا ہے، اس میں یہ سوال نظرانداز نہیں کیا جاسکتا کہ کیا موجودہ انتظامی ڈھانچہ واقعی عوام کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہے؟ یہ سوال کسی صوبے کی شناخت ختم کرنے، کسی علاقے کی تقسیم یا کسی لسانی تنازع کو ہوا دینے کے لیے نہیں بلکہ ریاستی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اٹھایا جانا چاہیے۔ اصل بحث یہ ہونی چاہیے کہ حکومت شہری اور دیہی آبادی تک کتنی تیزی سے پہنچ سکتی ہے، فیصلے کہاں ہوتے ہیں اور ان کے اثرات عام آدمی تک پہنچنے میں کتنا وقت لگتا ہے۔
2023 کی مردم شماری نے پاکستان کی آبادی 24 کروڑ 14 لاکھ سے زیادہ بتائی ہے۔ پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے مطابق 1998 میں آبادی قریباً 13 کروڑ 24 لاکھ، 2017 میں 20 کروڑ 77 لاکھ اور 2023 میں 24 کروڑ 14 لاکھ تک تھی۔ آبادی میں یہ اضافہ صرف اعداد کا اضافہ نہیں۔ ہر اضافی کروڑ کا مطلب مزید اسکول، اسپتال، سڑکیں، پانی، روزگار، پولیس، عدالتیں، بلدیاتی خدمات اور انتظامی فیصلے ہیں۔ جب آبادی بڑھتی ہے تو ریاستی نظم و نسق کا پرانا پیمانہ بھی ازسرنو جانچنے کی ضرورت پیدا ہوتی ہے۔
یہاں ایک بنیادی نکتہ سمجھنا ہوگا۔ انتظامی یونٹ کا چھوٹا ہونا خود بخود اچھی حکمرانی کی ضمانت نہیں، لیکن ایک ایسا انتظامی نظام جو لوگوں تک فیصلوں، وسائل اور خدمات کو زیادہ قریب پہنچائے، بہتر حکمرانی کی بنیاد ضرور بن سکتا ہے۔ پاکستان میں آج بھی ایک عام شہری کو کئی معاملات کے لیے ضلعی یا ڈویژنل سطح کے دفاتر کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔ کسی دُور افتادہ علاقے میں سرکاری افسر تک رسائی، ترقیاتی منصوبے کی منظوری، صحت یا تعلیم کی سہولت، زمین کا مسئلہ یا بنیادی شہری خدمت، یہ سب صرف فائلوں کے معاملات نہیں، یہ ریاست اور شہری کے درمیان اعتماد کا امتحان ہوتے ہیں۔ اگر فیصلہ کرنے والا ادارہ عوام سے بہت دُور ہو تو شکایات بڑھتی ہیں، نگرانی کمزور ہوتی ہے اور مقامی ضرورت اکثر وسیع انتظامی ترجیحات کے نیچے دب جاتی ہے۔ اسی لیے نئے انتظامی یونٹس کی بحث کو صرف "نئے صوبے” کے لفظ تک محدود کرنا مناسب نہیں۔ انتظامی یونٹ ضلع بھی ہوسکتا ہے، ڈویژن بھی، نیا صوبہ بھی اور بااختیار مقامی حکومت بھی۔ اصل مقصد اختیارات، وسائل اور ذمے داری کو اس سطح تک پہنچانا ہے جہاں عوام کی ضرورت سب سے زیادہ واضح ہو۔
دنیا کے مختلف ممالک نے اپنی انتظامی ساخت کو جامد نہیں رکھا۔ آبادی، جغرافیہ، شہری پھیلاؤ اور معاشی ضروریات کے ساتھ انتظامی نقشہ بھی تبدیل ہوتا رہا ہے۔ پاکستان میں بھی یہ اصول اپنانے کی ضرورت ہے کہ جو انتظامی ساخت کسی دور میں مناسب تھی، ضروری نہیں کہ وہ آج بھی اتنی ہی مؤثر ہو۔ یہاں سب سے اہم بات سیاسی اتفاقِ رائے ہے۔ حالیہ دنوں میں نئے صوبوں کا معاملہ دوبارہ قومی سطح پر نمایاں ہوا ہے۔ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے 10 ستمبر کو کہا کہ نئے صوبوں کے قیام پر پارلیمان میں اکتوبر کے اجلاسوں کے دوران بحث متوقع ہے اور پارلیمان اس بحث کے لیے مناسب فورم ہے۔ اس سے بھی زیادہ اہم بات یہ ہے کہ منصوبہ بندی کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے ملک کے انتظامی ڈھانچے پر قومی اور سیاسی بحث شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے 12 سے 15 نئے صوبوں کی تجویز پیش کی۔ ان کے مطابق موجودہ چار صوبوں کا نظام حد سے زیادہ مرکزیت کا شکار ہوچکا ہے، تاہم نئے صوبوں کے لیے سیاسی اتفاقِ رائے ضروری ہوگا۔
اس بحث کو کسی ایک جماعت یا علاقے کی فتح اور کسی دوسرے کی شکست بنانا سب سے بڑی غلطی ہوگی۔ اگر نئے انتظامی یونٹس بنتے ہیں تو ان کا مقصد کسی سیاسی جماعت کے انتخابی مفاد کی تکمیل نہیں بلکہ ریاستی انتظام کو مؤثر بنانا ہونا چاہیے۔ اسی طرح یہ بھی ضروری ہے کہ نئے یونٹس کے قیام سے پہلے واضح معیار طے کیے جائیں۔ آبادی کتنی ہو؟ جغرافیہ کتنا وسیع ہو؟ انتظامی رسائی کتنی مشکل ہو؟ معاشی استعداد کیا ہو؟ شہری سہولتوں کی صورت حال کیا ہے؟ وسائل کہاں سے آئیں گے؟ نئے یونٹ کے قیام سے سرکاری اخراجات بڑھیں گے یا انتظامی کارکردگی بہتر ہونے سے مجموعی لاگت کم ہوگی؟ یہ وہ سوالات ہیں جن کے جواب جذبات نہیں بلکہ اعداد و شمار دے سکتے ہیں۔
پاکستان کے لیے ایک قومی کمیشن یا پارلیمانی کمیٹی قائم کی جاسکتی ہے جو پورے ملک کا انتظامی جائزہ لے۔ ہر صوبے، ڈویژن اور ضلع کی آبادی، رقبے، معاشی سرگرمی، انفرا اسٹرکچر اور عوامی سہولتوں کا تقابلی جائزہ لیا جائے۔ پھر سفارشات سامنے لائی جائیں اور انہیں پارلیمان، صوبائی اسمبلیوں، ماہرین اور عوام کے سامنے رکھا جائے۔
اس عمل کا ایک فائدہ یہ بھی ہوگا کہ نئے انتظامی یونٹس کا معاملہ افواہوں اور سیاسی قیاس آرائیوں سے نکل کر باقاعدہ قومی پالیسی کا حصہ بن جائے گا۔ ہمیں یہ بھی تسلیم کرنا چاہیے کہ نئے صوبے کوئی جادو کی چھڑی نہیں۔ اگر اختیارات صرف ایک بڑے دارالحکومت سے دوسرے نسبتاً چھوٹے دارالحکومت منتقل کردیے جائیں اور ضلعی و مقامی سطح پر اختیار نہ پہنچے تو عام آدمی کی مشکلات ختم نہیں ہوں گی۔ اصل اصلاح تب ہوگی جب اختیار کے ساتھ جواب دہی بھی نیچے آئے گی۔ اسی لیے نئے انتظامی یونٹس کے ساتھ مضبوط بلدیاتی نظام ناگزیر ہے۔ میئر، ضلع حکومت اور مقامی اداروں کو وسائل اور اختیارات دیے بغیر محض نقشے پر نئی سرحدیں کھینچنے سے مطلوبہ تبدیلی نہیں آئے گی۔
پاکستان کو آج نقشے سے زیادہ انتظامی فلسفے کی تبدیلی درکار ہے۔ ریاست کا مقصد یہ نہیں ہونا چاہیے کہ شہری دارالحکومت تک پہنچے، مقصد یہ ہونا چاہیے کہ ریاست شہری تک پہنچے۔ نئے انتظامی یونٹس کی بحث اسی بنیادی اصول سے شروع ہونی چاہیے۔ اگر کسی علاقے کے عوام کو تعلیم، صحت، پانی، روزگار، امن اور انصاف کے لیے غیر ضروری انتظامی فاصلے طے کرنا پڑتے ہیں تو اس فاصلے کو کم کرنے کے ہر آئینی اور جمہوری راستے پر غور ہونا چاہیے۔
یہ وقت کسی صوبے کو کمزور کرنے کا نہیں، ریاستی نظام کو مضبوط کرنے کا ہے۔ یہ کسی شناخت کو مٹانے کا نہیں، شہری کو زیادہ مؤثر شناخت دینے کا وقت ہے۔ اور یہ کسی علاقے کو تقسیم کرنے کا نہیں، اختیارات اور مواقع کو عوام تک تقسیم کرنے کا وقت ہے۔ پاکستان کی آبادی بڑھ چکی ہے، مسائل پیچیدہ ہوچکے ہیں اور عوام کی توقعات بھی بدل چکی ہیں۔ ایسے میں انتظامی ڈھانچے پر بحث سے فرار مسئلے کا حل نہیں۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ نئے انتظامی یونٹس کو تعصب یا خوف کے بجائے میرٹ، اعداد و شمار، آئین اور عوامی مفاد کی کسوٹی پر پرکھا جائے۔ اگر تحقیق، اتفاقِ رائے اور شفاف منصوبہ بندی کے بعد یہ ثابت ہوتا ہے کہ مزید انتظامی یونٹس پاکستان کو زیادہ مؤثر، جواب دہ اور عوام دوست بناسکتے ہیں تو پھر اس راستے پر قدم اٹھانے میں تاخیر کیوں؟ ریاستیں اپنے نقشے سے نہیں، اپنے انتظام سے مضبوط ہوتی ہیں۔ پاکستان کو بھی شاید اب یہی سوال خود سے پوچھنا ہوگا کہ کیا ہم بدلتے ہوئے ملک کو پرانے انتظامی پیمانے سے چلا سکتے ہیں؟