ملکی سیاست میں زرداری اور نواز کے خاندانوں کی کوئی جگہ نہیں، شیخ رشید

لاہور: شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملکی سیاست میں آصف زرداری اور نواز شریف کے خاندانوں کی کوئی جگہ نہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ 16 اگست سے 10 ٹرینیں کھول رہے ہیں، تمام ریل گاڑیوں کے پرانے اسٹاپ ختم کرنے جا رہے ہیں۔ ریلوے کی ترقی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، ایم ایل ون منصوبے کی ایکنک نے منظوری دے دی، اس کے معیشت پر بہترین اثرات مرتب ہوں گے، ایم ایل ون ایشیا کا واحد منصوبہ ہے جس میں آٹو میٹک سگنل سسٹم ہوگا، 30 اگست سے پہلے ایم ایل ون کا ٹینڈر ہوجائے گا، ایم ایل ون پر تمام کاموں کو بند کردیا گیا ہے۔
عثمان بزدار کی نیب میں طلبی پر شیخ رشید نے کہا کہ کرپشن خوف ناک جرم ہے اس کی معافی نہیں، میں نہیں سمجھتا کہ پی ٹی آئی کا کوئی وزیر کرپشن کر رہا ہے، نیب کسی کو اس لیے نہیں بلاتا کہ اسے عہدے سے ہٹایا جائے، نیب کئی لوگوں کو بلا کر چھوڑ بھی دیتا ہے، کوئی بھی آدمی شکایت دے کر کسی کو بھی بلا سکتا ہے۔ عمران خان کو سپریم کورٹ نے دیانت دار کہا ہے تو پھر نیب انہیں کیوں بلوائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان 5 سال پورے کریں گے، وزیر اعظم عمران خان کو آٹے اور چینی کی قیمتوں کا پتہ ہے۔ وہ پوری کوشش کررہے ہیں کہ قیمتوں میں کمی کی جائے، اب گندم اور چینی درآمد کی جارہی ہے اور اس پر سبسڈی دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملکی سیاست میں آصف زرداری اور نواز شریف کے خاندانوں کی کوئی جگہ نہیں، ان تمام افراد کے کیس بہت سنجیدہ ہے، عید سے پہلے کہا تھا کہ عید کے بعد دونوں کو بلایا جائے گا۔ کہاں گئی اپوزیشن کی اے پی سی؟، 14، 15 اگست کو محرم شروع ہوجائے گا، میں ان دنوں میں نئی ٹرینیں نہیں چلارہا اور یہ تحریک چلانے جارہے ہیں؟ جب ان کو رات کو سمجھاتے ہیں تو انہیں دن میں سمجھ آجاتا ہے۔ یہ بھی وقت آنا تھا کہ کراچی کے نالے مرکز کو صاف کرنے تھے، یہ کسی بھی حکومت کے لیے اچھی بات نہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔