ٹی 20 ورلڈکپ: زمبابوے نے پاکستان کو ایک رنز سے ہرادیا

پرتھ: ٹی 20 ورلڈکپ میں زمبابوے نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 1 رن سے زیر کرکے میگا ایونٹ کا بڑا اپ سیٹ کردیا۔
زمبابوے کے کپتان نے پرتھ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور کہا کہ کوشش ہوگی پاکستان کے خلاف بڑا ٹارگٹ سیٹ کریں تاہم ان کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز اسکور کرسکی۔
زمبابوے کی پہلی وکٹ 19 رنز کے مجموعی اسکور پر گری، حارث رؤف نے کپتان ایروائن کو پویلین کی راہ دکھائی، بعد ازاں 43 کے مجموعی اسکور پر دوسرے کھلاڑی میڈ ویئر 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پھر دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 64 تک پہنچایا تو شومبا 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پھر 95 کے مجموعی اسکور پر شان ولیمز 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، بعدازاں 95 رنز پر ہی چکابوا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے اور پھر 95 کے ہی مجموعی اسکور پر سکندر رضا، لیوک چونگوے بھی آؤٹ ہوئے۔
زمبابوے نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے، سین ولیم 31 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد وسیم نے 4، شاداب خان نے 3 اور حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے بابراعظم اور محمد رضوان نے اوپننگ کی۔ بابراعظم نو گیندیں کھیلنے کے بعد محض چار رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے پھر 23 کے مجموعی اسکور پر وکٹ کیپر محمد رضوان 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے، بعد ازاں 36 رنز پر افتخار احمد کی اننگز اختتام پذیر ہوئی۔
شان مسعود اور شاداب خان نے محتاط انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 88 تک پہنچایا تو شاداب 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پھر حیدر علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے اور شان مسعود 94 کے مجموعی اسکور پر 44 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، یوں پاکستان کو چھٹے نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
آخری اوور کی چوتھی بال پر جب پاکستان کو دو گیندوں پر تین رنز دکار تھے تو محمد نواز نے باؤنڈری لگانے کے چکر میں اونچا شاٹ کھیلا اور 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
آخری گیند پر پاکستان کو تین رنز درکار تھے تو شاہین آفریدی دوسرا رن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوئے، یوں پاکستان کو سسنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کی جانب سے شان مسعود 44 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ جبکہ چار کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہوسکے جن میں حیدر علی بھی شامل ہیں۔ زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا نے تین، بریڈ ایوانس دو، بلیسنگ مضرابانی اور لوک نے 1، 1 کھلاڑی کو شکار بنایا۔ پاکستانی نژاد زمبابوین آل رائونڈر سکندر رضا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔