بلاول نے پارٹی رہنماؤں کو استعفوں پر بات کرنے سے روک دیا ہے، گیلانی

اسلام آباد: سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے بتایا ہے کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے رہنماؤں کو استعفوں پر بات کرنے سے روک دیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے نیب ریفرنس میں احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے فیصلوں پر من وعن عمل درآمد کیا جائے گا۔
اسمبلیوں سے استعفوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے اندر اختلافات اور تحفظات سے متعلق سوال کے جواب میں یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پارٹی فیصلے جب ہوتے ہیں تو وہ پوری پارٹی کے لیے ہوتے ہیں، استعفوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے جو رہنما ٹی وی چینلز پر بات کررہے تھے، چیئرمین پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے انہیں روک دیا ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے رہنماؤں کو کہا ہے کہ آپ پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ (سی ای سی) کے اجلاس تک انتظار کریں اور وہ سی ای سی میٹنگ تک پارٹی کو اعتماد میں لیں گے۔
خیال رہے کہ حزب اختلاف کے اتحاد پی ڈی ایم کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کے اراکین اسمبلی 31 دسمبر تک پارٹی قائدین کے پاس اپنے استعفے جمع کروادیں گے۔ اس سلسلے میں اب تک ن لیگ اور جے یو آئی کے متعدد رہنماؤں نے اپنے استعفے پارٹی قیادت کو جمع کرادیے ہیں، تاہم پی پی پی کی طرف سے خاموشی نظر آرہی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔