یاسر حسین اور فہد مرزا کا فیروز خان کی حرکت پر شدید ردعمل
کراچی: اداکار یاسر حسین اور ماڈل فہد مرزا نے فیروز خان کی ساتھی اداکاروں کے موبائل نمبرز آؤٹ کرنے کی حرکت پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
یاسر حسین نے موبائل نمبرز آؤٹ کرنے پر ہتک عزت کا نوٹس بھیجنے والے اداکار فیروز خان پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے اپنی انسٹا اسٹوری میں بتایا کہ فیروز کی ایک احمقانہ حرکت کی وجہ سے انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
یاسر نے انسٹا اسٹوری پر لکھا کہ ایک بیوقوف آدمی نے پہلے اپنی بیوی کو مارا اور پھر ہمارے نمبرز آؤٹ کردیے، اس کی وجہ سے یہ بچہ مجھ سے ڈرامے میں کام مانگ رہا ہے ورنہ ایک لاکھ روپے، بتائیں میں کیا کروں؟
انہوں نے مزید لکھا کہ اس بھائی نے مجھے اپنا نمبر بھیجا ہے مگر میں نے آؤٹ نہیں کیا کیونکہ میں اسکول گیا تھا تھوڑا فرق دکھنا چاہیے۔
یاسر حسین نے اپنی اسٹوری میں بغیر نام لیے فیروز خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں اس بے وقوفی پر شرم آنی چاہیے۔
دوسری جانب معروف ماڈل اور اداکارہ ثروت گیلانی کے شوہر ڈاکٹر فہد مرزا نے بھی اس حوالے سے اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔
فہد مرزا نے فیروز خان کو شوبز شخصیات کی نجی معلومات ظاہر کرنے پر شدید تنقدید کا نشانہ بنایا۔
فہد مرزا نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ میں فیروز خان کے معاملے میں نہیں پڑنا چاہتا تھا لیکن فیروز نے ساتھی فنکاروں کی نجی معلومات ظاہر کرکے بہت بڑی بے وقوفی کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ فیروز خان میں نفرت بھری ہوئی ہے اور اس کی حرکت سے مجھے اب یقین ہے کہ اس کے متعلق لگائے گئے سب الزامات سچے ہیں۔
خیال رہے کہ اداکار فیروز خان نے سوشل میڈیا پر گھریلو تشدد کے الزامات لگانے والی شوبز انڈسٹری کی کئی بڑی شخصیات کو بھیجے گئے ہتک عزت کے نوٹس کی تصاویر شیئر کی تھیں جو وائرل ہوگئیں ان تصاویر میں ان کے موبائل نمبرز اور گھر کا پتا درج تھا جس کی وجہ سے ان فنکاروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔