کراچی میں 14 گھنٹوں کی بدترین لوڈشیڈنگ، شہریوں کا بُرا حال

کراچی: شہر قائد میں 12 سے 14 گھنٹوں کی بدترین لوڈشیڈنگ کے باوجود ترجمان کے الیکٹرک نے شہر کا 70 فیصد حصہ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کے باوجود اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جہاں تکنیکی خرابی کے نام پر گھنٹوں بجلی بند کرنا معمول بن گیا ہے جب کہ خرابی کے نام پر بجلی کی بندش کے باوجود لوڈشیڈنگ بھی معمول کے مطابق کی جارہی ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے جس میں اولڈسٹی ایریا، ماڑی پور، لائنزایریا، سرجانی، ماڈل کالونی، ملیر، لانڈھی، کورنگی، اللہ والا ٹاؤن، اورنگی ٹاون، نیوکراچی، نارتھ کراچی، سٹی ریلوے کالونی، جامع کلاتھ، لیاقت آباد اور دیگربازاروں میں بھی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ باقاعدگی سے بل ادا کرتے ہیں، لیکن اس کے باوجود گھنٹوں بجلی نہیں آتی، شدید گرمی میں خرابی کے نام پر بجلی کی بندش اور پھر لوڈشیڈنگ معمول کے مطابق ہونے سے انتہائی پریشانی کا سامنا ہے۔
ہر ہفتے مینٹیننس ورک کے نام پر 12،12 گھنٹے بجلی کی بندش بھی معمول
شہریوں کے مطابق شدید گرمی میں ہر ہفتے مینٹیننس ورک کے نام پر 12،12 گھنٹے بجلی کی بندش بھی معمول بن گیا ہے جب کہ مینٹیننس کے باوجود معمول کی لوڈشیڈنگ بھی کی جاتی ہے جس سے شدید اذیت کا سامنا ہے۔
دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ جن فیڈرز پر بلوں کی مکمل ادائیگی ہے وہاں بجلی فراہم کی جاتی ہے اور شہر میں کسی کو مفت بجلی کی فراہمی ممکن نہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بجلی صارفین کا ٹیرف پورے پاکستان میں یکساں ہے، کراچی کے صارفین وہی قیمت ادا کرتے ہیں جو دیگر شہروں میں ادا کی جاتی ہے۔
ترجمان نے دعویٰ کیا کہ کراچی کی کمرشل مارکیٹیں 70 فیصد لوڈشیڈنگ فری فیڈرز پر ہیں، موبائل مارکیٹ، الیکٹرانک مارکیٹ، ایمپریس روڈ، لکی اسٹار، بولٹن مارکیٹ، لائٹ ہاؤس، عبداللہ ہارون روڈ اور زینب مارکیٹ لوڈشیڈنگ فری ہیں۔
اسی طرح صدربازار، داؤد پوتہ روڈ، طارق روڈ اور کھارادر سمیت کمرشل مراکز لوڈشیڈنگ فری ہیں جب کہ 30 فیصدنیٹ ورک پر بجلی چوری اور بلوں کی ادائیگی کے تناسب سے لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق 496 فیڈرز پر روزانہ 10 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے اور 155 فیڈرز پر لوڈشیڈنگ 10 گھنٹے سے کم ہے۔
تاہم کے الیکٹرک کے ترجمان کا بیان ان کے اپنے شیڈول سے مطابقت نہیں رکھتا، شہر کے متعدد علاقوں میں کے الیکٹرک کی ایپلی کیشن پر 11 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا شیڈول موجود ہے۔
کے الیکٹرک ذرائع کے مطابق ادارے کے پاس ایسا نظام نہیں جس سے صرف نادہندگان کی بجلی منقطع کی جائے، جن علاقوں میں چوری یا بلوں کی عدم ادائیگی ہے وہاں پورا فیڈر بند کیا جاتا ہے۔