ورلڈکپ: قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت کیلیے 13 ناموں پر اتفاق
لاہور: کرکٹ ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم کے تھنک ٹینک نے 12 سے 13 کھلاڑیوں کے ناموں پر اتفاق کرلیا۔
نجی ٹی وی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کا تھنک ٹینک نئے چیف سلیکٹر کا منتظر ہے اور نئے چیف سلیکٹر کی تعیناتی کے بعد نام ورلڈکپ کے لیے مزید دو سے تین چند دنوں میں فائنل ہوجائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ورلڈکپ کی ٹیم کے حوالے سے مکی آرتھر، گرانٹ براڈ برن، بابر اعظم اور حسن چیمہ میں ابتدائی مشاورت ہوئی ہے، تھنک ٹینک اسامہ میر کو ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ بنانے پر متفق ہے جب کہ آل راونڈر افتخار احمد کو بھی بھارت جانے والے اسکواڈ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ تھنک ٹینک نے بابر اعظم، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، شاداب خان، حارث رؤف، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور آغا سلمان کے ناموں پر اتفاق کیا ہے جب کہ محمد وسیم جونیئر کو بھی ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ورلڈ کپ اسکواڈ کے لیے شان مسعود، عبداللہ شفیق، سرفراز احمد، سعود شکیل، محمد حارث اور طیب طاہر میں سے دو کھلاڑیوں کے نام فائنل کرنے ہیں، ورلڈکپ سے قبل افغانستان سیریز اور ایشیا کپ کے دوران اسکواڈ کو حتمی شکل دی جائے گی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ نئے چیف سلیکٹر کی تقرری کے بعد تھنک ٹینک اپنی آرا ان کے سامنے رکھے گا، ٹیم کا حتمی فیصلہ چیف سلیکٹر نے ہی کرنا ہے۔
دھیان رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ رواں برس بھارت میں شیڈول ہے جس کا باقاعدہ آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا۔